لاہور (ملت + آئی این پی ) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا اسلام آباد میں دھرنا سیاسی ایکٹیویٹی نہیں، ابھی تک عمران خان کی گرفتاری کا حکومتی لیول پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا ،عمران خان سے پہلے اسلام آباد پر چڑھائی کرنے کی بات صرف طالبان نے کی تھی، عمران خان حماقت کی طرف جا نا چاہتے ہیں، لوگوں کو گھروں میں بند کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ وہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے ۔ صوبائی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کا اسلام آباد میں دھرنا سیاسی ایکٹیویٹی نہیں ۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان رائیونڈ میں جب اسلام آباد کو بند کرنے اعلان کیا تھا تو اس وقت شیخ رشید نے کہا تھا کہ لاشوں کے بغیر کام نہیں بننے گا ۔ اگر کسی اور کی لاش نہیں گرتی تو مجھے ہی مار دو ، اس کے بعد عمران خان نے بات کی کہ ہم اسلام آباد کو بند کر دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ شہروں کو بند کرنا اور نہ نہ کی ضد چلانا سیاست دانوں کا کام نہیں اور نہ ہی کوئی قومی لیڈر ایسا کام کرنے کا کہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اگر اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ بیٹھ کر تمام معاملات طے کر لے اور وفاقی دارالحکومت میں کسی قسم کے حالات کشیدہ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائے تو کسی کو بھی ان کے احتجاج پر اعتراض نہیں ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں تحریک انصاف کے جلسوں اور ریلیوں میں سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کیے ۔ پولیس جوانوں نے دس دس گھنٹے کھڑے رہ کر ان کے جلسوں کو محفوظ بنایا ۔ تحریک انصاف اگر پر امن احتجاج کرتی ہے تو ان کی سیکیورٹی کے انتظامات کرنے کے لئے پہلے بھی حاضر تھے آئندہ بھی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف شہر کے بند کرنے اور شہریوں کو گھروں میں محصور کرنے کی بات کرے گی تو کوئی بھی حکومت ان کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے پہلے اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والے بات صرف طالبان نے کی تھی اور کسی نے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حماقت کی طرف جا نا چاہتے ہیں ابھی تک عمران خان کی گرفتاری کا حکومتی لیول پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔ لوگوں کو گھروں میں بند کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔
پنجاب حکومت
تحریک انصاف کا اسلام آباد میں دھرنا سیاسی ایکٹیویٹی نہیں: رانا ثنا
