لاہور۔15 اکتوبر(ملت + اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سینئر ممبرسلمان صوفی نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کو تشدد کا شکار خواتین کی دادرسی کیلئے ملتان میں بنائے جانے والے خصوصی سنٹر کے منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔سلمان صوفی نے ویمن آن وہیلز کے پروگرام کی پیش رفت سے بھی وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے خواتین پر تشددکی روک تھام اورتشدد کا شکار خواتین کی دادرسی کیلئے موثراقدامات کیے ہیں ۔تشدد کا شکار خواتین کیلئے جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان میں مربوط سنٹر قائم کیاجارہا ہے اوراس سنٹر میں تشدد کا شکار خواتین کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے تمام سہولتیں ایک چھت تلے ملیں گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تشدد کاشکار خواتین کیلئے خصوصی مرکز کا قیام جلد سے جلد عمل میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈیلروہیکل رجسٹریشن سسٹم کا افتتاح اسی ماہ کیاجائے گا۔سلمان صوفی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تشدد کا شکار خواتین کیلئے ملتان میں خصوصی سنٹر کا قیام رواں برس مکمل کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ویمن آ ن وہیلز کے پروگرام کے حوالے سے اگلے ماہ ایک بڑی ریلی کا اہتمام کیاجارہا ہے ۔
پنجاب حکومت
تشددکی شکار خواتین کیلئے خصوصی مرکز قائم کیاجارہا ہے: شہبازشریف
