پنجاب حکومت

تعلیم،صحت،توانائی اور بجلی کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر اقدامات کر رہے ہیں: شہباز شریف

لاہور(ملت + آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ تعلیم،صحت،توانائی اور خصوصاً پن بجلی کے منصوبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اقدامات کر رہے ہیں،تجارتی و معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے،تعلیم،صحت،ٹرانسپورٹ کے شعبوں کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں،پی ای ایف کی ووچر سکیم کے ذریعے لاکھوں بچوں کو تعلیم فراہم کر رہے ہیں،ہونہار طلبہ میں اربوں روپے کے لیپ ٹاپ تقسیم کئے ہیں،بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو وظائف دے کر سکولوں میں داخل کرایا گیا ہے،70ہزار سے زائد بچے جو بھٹوں پر کام کرتے تھے ان کو سکول میں داخل کرایا۔منگل کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے کنیڈین ہائی کمشنر پیرے کالڈرووڈ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان کینیڈا تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی،ملاقات کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین دوستانہ تعلقات موجود ہیں،پاکستانیوں کی بڑی تعداد کینیڈا کے مختلف شہروں میں آباد ہے،تعلیم،صحت،توانائی خصوصاً پن بجلی کے منصوبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ تجارتی و معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے،تعلیم،صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اور اساتذہ کی تربیت اور نئی نسل کو جدید تعلیمی سہولتوں کی فراہمی ترجیح ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ صوبے میں لاکھوں اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے،حکومت نے ہرسطح پر میرٹ،شفافیت اور اعلیٰ معیار کا نیاکلچر پروان چڑھایا ہے،پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈسے ڈیڑھ لاکھ بچوں کو تعلیم فراہم کر رہے ہیں،پی ای ایف کی ووچر سکیم کے ذریعے لاکھوں بچوں کو سکول داخل کرایا گیا،نئی نسل کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کو سود مند سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں انتہائی کم وسیلہ بچوں اور بچیوں کیلئے دانش سکول قائم کئے ہیں اور دانش سکولز میں مفت تعلیم،رہائش و طعام کی سہولت فراہم کی گئی ہے،ہونہار طلبہ میں اربوں روپے کے لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے،بھٹوں پر کام کرنیوالے مزدوروں کے بچوں کو قلم اور کتاب دی ہے،بھٹوں پر کام کرنیوالوں کے بچوں کو وظائف دے کر سکول میں داخل کرایا گیا ہے،70ہزار سے زائد بچے سکولوں میں داخل کرائے گئے ہیں،بچوں کو یونیفارم،بیگ و دیگر اشیاء بھی پنجاب حکومت فراہم کر رہی ہے۔اس دوران کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ پنجاب انتہائی اہم صوبہ ہے یہاں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع ہیں،کینیڈا اور پنجاب کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کریں گے۔