جمہوریت کے پاؤں جمنے نہیں دیے جارہے، سعد رفیق
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جمہوریت قدم جمانے کی کوشش کررہی ہے لیکن اس کے پاؤں جمنے نہیں دیے جارہے۔ احتساب عدالت اسلام آباد میں نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اپنے پاؤں جمارہی ہے لیکن اس کے پاؤں جمنے نہیں دیے جارہے، نوازشریف کے ساتھ پہلی بار ایسا نہیں ہورہا بلکہ اس سے آگے کے مرحلے بھی پاکستانی قوم کو حفظ ہوچکے ہیں اور عوام کو معلوم ہے کہ آگے کیا ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی کی ذات کو نشانہ نہیں بنانا چاہتا تاہم زرداری صاحب نامعلوم اور خفیہ ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ آف شور کمپنیوں سے متعلق نئے انکشافات پر مشتمل پیراڈائز لیکس کے بارے میں سعد رفیق نے کہا کہ مجھے نہیں پتا ان لیکس میں کیا سچ ہے اور جھوٹ کیا ہے، تاہم زیادہ تر ان لیکس میں جھوٹ ہی ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹرمشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے حوصلے بلند ہیں اور ابھی تک سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سمیت کسی کو بھی یہ سمجھ نہیں آرہی کہ انہیں کن گناہوں کی سزا دی جارہی ہے۔ منگل کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کرپشن کا کیس نہیں ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کو کرپشن کی بجائے اقامہ پر سزا دی ہے، وہاں سے انہیں کلین شیٹ بھی مل گئی ہے۔مشاہداللہ خان نے کہا کہ ہماری نظر میں نواز شریف نے جو گناہ کئے ہیں وہ یہ ہیں کہ نواز شریف نے پاکستان کا وقار بلند کیا ، پاکستان سے اندھیروں کو مٹایا ،دہشت گردی کو ختم کیا ،سڑکیں بنائیں،موٹرویز بنائے، ایئرپورٹ بنائے،سٹاک ایکسچینج ،جی ڈی پی اور تمام اکنامک اشاریے مثبت ہیں اور اسے ساری دنیا مانتی ہے۔