لاہور(ملت + آئی این پی )حکومت پنجاب نے بصارت سے محروم افراد کو 3فی صد کوٹہ کے تحت 1524 ملازمتیں فراہم کی ہیں جبکہ 10699سے زائد بصارت سے محروم افراد کے لئے سوشل ویلفیئر کے توسط سے خدمت کارڈ جاری کئے گئے ہیں اور مفت علاج معالجے کی سہولت کے ساتھ ساتھ کرایوں میں50 فیصد تک رعایت دی گئی ہے یہ بات صوبائی وزیر برائے سپیشل ایجوکیشن آصف سعید منہیس نے آج سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں بصارت سے محروم طلبہ وطالبات او رسول سوسائٹی کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈوائز رٹو چیف منسٹر پنجاب برائے لیٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن رائے حیدر علی خان، سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن عنبرین رضا، ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن فاصل چیمہ سمیت محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔آصف سعید منہیس نے کہاکہ سفید چھڑی کا عالمی د ن منانے کا مقصد یہ ہے کہ سوسائٹی میں سفید چھڑی کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے کہ جب کوئی شخص سفید چھڑی لئے سڑک پر آئے تو لوگ اس سفید چھڑی کو پہنچانیں اور انہیں پہلے گزرنے کا موقع دیں اور انہیں مدد فراہم کریں تاکہ وہ باآسانی اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ باقی دنیا کی طرح پاکستان میں بھی بصارت سے محروم افراد کے لئے سفید چھڑی کا دن حکومتی سرپرستی میں بھر پور طریقے سے منایا جاتاہے جس میں بصارت سے محروم افراد کی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں308بصارت سے محروم افراد کی تقرری کی جا چکی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بصارت سے محروم افراد کو بریل کی کتابیں بروقت مہیا کرنے کے لئے بریل پرٹنگ پریس لاہور کے لئے ایک کروڑ 50لاکھ روپے جاری کر دئیے گئے ہیں ۔ سکولوں میں بسوں کی تعداد بڑھانے کے لئے 196ملین روپے رکھے گئے ہیں۔آصف سعید منہیس نے کہاکہ محکمہ سپیشل ایجوکیشن نے پرائمری اور سکینڈری سطح پر بصارت سے محروم طالب علموں کے لئے 148 سینٹرز قائم کئے ہیں جبکہ 21929 بصارت سے محروم طالب علم ان سکولوں میں زیر تعلیم ہیں جن کو ماہانہ 800روپے وظیفہ ، فری یونیفارم ، پک اینڈ ڈراپ کی سہولت کے ساتھ ساتھ فری ہوسٹل کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ خصوصی افراد کے لئے حکومت پنجاب نے عمر کی حد میں 10سال کی رعایت فراہم کی ہے جبکہ 3فیصد خصوصی کوٹہ کے تحت 4294آسامیاں مشتہر کی گئیں اور ان پر 3971 خصوصی افراد کو سرکاری ملازمت فراہم کی گئی ہے اس کے علاوہ سرکاری تعلیمی اداروں میں خصوصی افراد کے تعلیمی اخراجات کے خاتمے اور بی ایچ ڈی اور ایم فل کی ایک سیٹ بھی ان کے لئے مختص کر دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت
حکومت پنجاب نے بصارت سے محروم افراد کو 3فی صد کوٹہ کے تحت 1524 ملازمتیں فراہم کی ہیں
