پنجاب حکومت

حکومت پنجاب کی جانب سے ضلعی سطح پر فائر کمیٹیوں کا قیام ایک قابل تحسین اقدام ہے

لاہور (ملت + آئی این پی) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا امانت اللہ شادی خیل نے پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی حکومت پنجاب کی زیر نگرانی فائر سیفٹی کمیٹیوں کے قیام کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور آگ سے ہونیوالے حادثات کے نقصانات سے بچنے کے لئے حکومت پنجاب نے ضلعی سطح پر فائر کمیٹیوں کا قیام کردیا ہے، ضلعی فائر سیفٹی کمیٹیاں اسی ماہ سے صوبہ بھر میں تمام عمارتوں کی اندرونی انسپکشن کا آغاز کر رہی ہیں، عوام کو ان کمیٹیوں سے بھرپور تعاون کرنا چاہئے تاکہ حکومت کے ساتھ ملکر ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔صوبائی وزیرنے عمارتوں کے مالکان سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنی عمارتوں میں ہنگامی اخراج کے لئے سیڑھیاں،عمارت سے باہر نکلنے کے لئے فائر ڈورز،پریشرایئزڈہا ئیڈرینٹ سسٹم کی فراہمی،آگ بجھانے کے آلات کی تنصیب،ہنگامی اخراج کے لئے عملے کی تربیت اور عمارتوں میں ہنگامی لائٹس اور اخراج کے منصوبہ کی تنصیب،بلڈنگ سیفٹی مینیجرکی زیر نگرانی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کا قیام،ایمرجنسی گاڑیوں کی عمارت تک آسان اور بلا ٹوک رسائی اور فائر الارم کی تنصیب کو ممکن بنائیں تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔