لاہور؛(ملت) : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبے میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد اور اس ضمن میں تحصیل، ضلع ، ڈویژن اورصوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانے کیلئے جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ’’خادم پنجاب سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام‘‘ بھی رواں برس شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ وہ آج یہاں صوبے میں نوجوانوں کیلئے صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں کھیلوں کے فروغ، کھیلوں کے مقابلوں او رمیدانوں کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نصابی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا فروغ بھی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے او رحکومت اس مقصد کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ صوبہ بھر میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ مقابلے تحصیل، ضلع ، ڈویژن اورصوبائی سطح پر منعقد کرائے جائیں گے اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کو پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کی طرز پر نقد انعامات اورسرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی آگے لانا ہے اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلو ں کے فروغ کیلئے ایسے نوجوانوں کی خدمات بھی لی جائیں جو مختلف کھیلوں میں مہارت رکھتے ہوں، اس اقدام سے نہ صرف نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے بلکہ نچلی سطح پر کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا اور بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے ’’خادم پنجاب سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام‘‘ بھی شروع کیا جائے۔ اس اقدام کے بھی مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا جو قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے ملک و قوم کا نام روشن کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مربوط انداز میں آگے بڑھا جائے اور متعلقہ وزیر اور سیکرٹری اس ضمن میں مجھ سے اجازت لینے کی بجائے خود اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سپورٹس بورڈ کا ویب سائٹ مرتب کرنا ایک اچھا اقدام ہے تاہم ویب سائٹ میں کھیلوں کے حوالے سے فراہم کی جانے والی تمام معلومات کے ساتھ ساتھ پلے گراؤنڈز کی تفصیلات کو بھی اپ ڈیٹ کیا جائے۔ انہوں نے صوبے بھر کے پلے گراؤنڈز کے سروے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کے ماڈل پر صوبے بھر کی پلے گراؤنڈز میں کھیلوں کی سہولتیں بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے راولپنڈی میں کھیلوں کے فروغ اور پلے گراؤنڈز آباد کرنے کے حوالے سے حنیف عباسی کی کارکردگی کی تعریف کی۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار گھمن نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ، سپورٹس سٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ حنیف عباسی، سیکرٹری سپورٹس، ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
پنجاب حکومت
’’خادم پنجاب سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام‘‘شروع کیاجائے گا:شہباز
