خواتین معاشرے کی ترقی ، تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، ڈاکٹر نادیہ عزیز
سرگودھا(ملت آن لائن) ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز نے کہا ہے کہ خواتین معاشرے کی تعمیروترقی اورتعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، خواتین کے فعال کردار کے بغیر ملکی ترقی کاخواب شرمندہ تعبیرنہیں ہو سکتا ، خواتین نے ملکی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، مسلم لیگ( ن)کی حکومت نے خواتین کی ترقی کیلئے خصوصی محکمہ وومن ڈویلپمنٹ کے نام سے قائم کیا ہے جبکہ تمام وفاقی و صوبائی اداروں میں عام نشستوں پر پانچ فیصد کوٹہ مقرر کر دیا ہے، ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ایلیمنٹری ٹیچر ٹریننگ کالج کے قائد اعظم ہال میں ڈویژنل ضلعی انتظامیہ اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے مشترکہ تعاون سے عالمی یوم خواتین کے حوالہ سے منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک آصف اقبال ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نصرت ریاض ، پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج ڈاکٹر حمیرا اکرم و دیگر نے شرکت کی، ڈاکٹر نادیہ عزیز نے کہا کہ حکومت پاکستان نے خواتین کی سماجی و معاشی ترقی میں اہمیت کے پیش نظر انہیں میرٹ میں خصوصی اہمیت دے رکھی ہے جبکہ عائلی و خانکی قوانین ، خواتین پر تشدد کو روکنے ، انہیں کام کی جگہ پر ہراساں کرنے کیخلاف ہراسمنٹ ایکٹ اور انکے جملہ حقوق کو پامالی سے روکنے کیلئے سخت قوانین نافذ کر دیئے ہیں، خواتین ٹال فری نمبر 1034پر ایک کال کر کے اپنی شکایت درج کروا سکتی ہیں، حکومت وقت نے خواتین پر تیزاب وآتش گردی کو روکنے کیلئے بھی سخت اقدامات کئے ہیں، انہوں نے کہا کہ عورتیں ماں، بیٹی ،بیوی،بہو جیسے مقدس رشتوں میں رنگی ہوئی ہیں، قبل ازیں پرنسپل میڈیکل کالج حمیرا اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ملکی ترقی کو خواتین کی ترقی سے منسوب کرتے ہیں، خواتین ہر میدان میں آگے ہیں، میڈیکل کالج سرگودہا میں 70فیصد طالبات ہیں، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک آصف اقبال اور قیصریٰ اسماعیل نے بھی خطاب کیا۔