پنجاب حکومت

دوست ممالک سے دوطرفہ تعاون بڑھانا حکومت کی خارجہ پالیسی کا محور ہے ،گورنر پنجاب

لاہور۔19 اکتوبر(ملت + اے پی پی )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر باہمی اشتراکیت کو فروغ دینا اور دوست ملکوں سے دوطرفہ تعاون کو بڑھانا حکومت کی خارجہ پالیسی کا محور ہے یہی وجہ ہے کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران عالمی سطح پر پاکستان کے امیج میں خاصی بہتری آئی ہے ۔ پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنرپیری کالڈروڈ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلق کی وسعت کئی شعبوں پر محیط ہے اور اس سلسلے میں تعاون کی نئی راہوں کو بھی تلاش کیا جا رہا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد کینیڈا میں مقیم ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ کینیڈا کی معاشی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہو ں نے توقع ظاہر کی پاکستان میں کینیڈا کے نئے ہائی کمشنر کی تعیناتی سے دونوں ملکو ں کے درمیان تعلقات مستحکم ہوں گے۔کینیڈ ا کے ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلیم کے شعبے میں مثالی تعاون موجو دہے تاہم اب اس دوطرفہ تعاون کا دائرہ وسیع کرنا ہو گا۔