لاہور۔4 ستمبر(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ذاتی مفادات کی خاطر ترقی اور خوشحالی کے سفر کو روکنے کی کوشش ملک سے دشمنی کے مترادف ہے ،2014ء میں بھی دھرنا سیاست نے ملک کا بے پناہ نقصان کیااور قوم کا قیمتی وقت ضائع کیااوراب پھر یہی عناصرملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو روکنا چاہتے ہیں، احتجاج کرنے والوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ،ایک طرف خدمت ،دیانت اور محنت ہے جبکہ دوسری طرف الزام تراشی ،جھوٹ اور انتشار کی سیاست،پاکستان کے باشعور عوام بخوبی جانتے ہیں کہ ان کی بے لوث خدمت کون کررہا ہے اور افراتفری پھیلانے کی کوشش کون،ملک وقوم کی خاطرایسے عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں کیونکہ پاکستان میں ذاتی انا او رضد کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔وہ اتوار کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منتخب نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ احتجاجی سیاست کے علمبرداروں کی ’’میں ‘‘کی روش ملک و قوم کی ترقی کیلئے زہر قاتل ہے۔پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے ’’میں ‘‘ کی روش چھوڑ کر ’’ہم ‘‘کے راستے پر چلنا ہوگا۔ انتشار کی سیاست کرنے والے عناصر ذاتی مفادات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اوران احتجاجی عناصرنے بیانات بدلنے کا ورلڈریکارڈ قائم کیاہے ۔ان کے دائیں بائیں اربوں روپے کے قرض معاف کرانے والے اورقبضہ گروپ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں نے احتجاجی سیاست کو آزما کر دیکھ لیاہے۔عوام نے احتجاجی سیاست مسترد کر کے اپنی رائے دے دی ہے۔افراتفری پھیلانے والوں کواب انتشار کی سیاست چھوڑ کرسیاسی انداز فکر اورسیاسی طرز عمل اپنا ناچاہیے کیونکہ پاکستان کے عوام ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں ۔باشعور عوام ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کا محاسبہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک دوبارہ ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے اور تین برس کے دوران ملک معاشی لحاظ سے مستحکم ہوا ہے۔ امن و امان کی صورتحال میں بے پناہ بہتری آئی ہے اور آج پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ، پرامن اور اقتصادی طور پر مستحکم ہے ۔ اس وقت ملک کو منفی سیاست کی نہیں بلکہ اتحاد ، اتفاق اور یکجہتی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی عناصردھرنے کی ناکامی کا بدلہ پاکستان سے نہ لیں ۔پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ذاتی مفادات کی سیاست کی ملک وقوم کے سامنے کوئی حیثیت نہیں ۔پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد کو عزیز رکھا ہے ۔ہماری سیاست کا محور عوام ہیں اور پاکستان کے لئے ہمارا تن ،من ،دھن سب کچھ حاضر ہے۔
پنجاب حکومت
دھرنا سیاست نے ملک وقوم کا بے پناہ نقصان کیا،شہبازشریف
