لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب و قومیت نہیں اور نہ ہی کوئی پختون‘ پنجابی‘ سندھی اور بلوچی دہشت گرد ہو سکتا ہے لیکن یہ پاکستان کے دشمن ہیں جو ہمارا ہی روپ دھار کر ہماری صفوں میں گھسے ہوئے ہیں اور ہمارے قومی اتحاد کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے ہیں جنہیں اپنی صفوں سے باہر نکلنا ہو گا ۔ انہوں نے یہ بات فیصل آباد میں جھنگ روڈ پر ایپل کلب میں پختون برادری کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ ایم پی اے حاجی خالد سعید‘ چیئرمین نیشنل پیپلز موومنٹ پاکستان ڈاکٹر اسماعیل خان ‘ شیر باز خان‘ انجینئر ابراھیم خان ‘ اﷲ نور خان ‘ فتح خان ‘ حاجی عالم خان اور ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے پختون برادری کے سرکردہ نمائندے اس موقع پر موجود تھے ۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے ملک وقوم کے لئے پختون برادری کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس اجتماع میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور وزیراعظم محمد نواز شریف و دیگر قائدین کے ساتھ جس محبت اور اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ ہمارا اثاثہ و طاقت ہے اور اس مضبوط رشتے میں کوئی خلل نہیں ڈال سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پختون کوئی اجنبی نہیں بلکہ فیصل آباد اور پاکستان کے وارث ہیں ۔ ہم سب بھائی ہیں اور پاکستان ہماری شناخت ہے لہذا پختونوں کو یہ خوف دل سے نکال دینا چاہئے کہ انکی ساتھ کوئی امتیازی سلوک ہو سکتا ہے لیکن بعض عناصر اس معاملے کو سیاسی طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں جن کی سازشوں کو باہمی اتحاد سے ناکام بنا دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پختون برادری کو درپیش مسائل دور کریں گے تاہم وہ ان گلے شکووں کوباہمی محبت اور یکجہتی کے مضبوط رشتوں پر غالب نہ آنے دیں ۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے باعث مشکل حالات سے دو چار ہے لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایسی جامع حکمت عملی اختیار کی ہے کہ اب کوئی دہشت گرد ہمارے اندر چھپ نہیں سکے گا ۔ پختونوں سمیت ہم سب اپنے گھروں ‘ آبادیوں پر گہری نظر رکھیں گے تاہم سرچ اپریشن میں کسی کو ناجائز تنگ اور پریشان نہیں کیا جائے گا ۔ اس ضمن میں وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام کی موجودگی میں اعلی سطح پر فیصلہ کیاگیا ہے کہ پختون برادری کے کسی بزرگ ؍ سرکردہ نمائندے کی موجودگی میں پختون آبادیوں میں سرچ اپریشن کیا جائے گا اور چادر ‘ چار دیواری کے تحفظ کے لئے ایک خاتون بھی ساتھ ہو گی جبکہ پختونوں کے سرکردہ نمائندے کی ضمانت پر نادرا سے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ جاری ہو سکے گا ۔ صوبائی وزیر قانون نے کہاکہ فیصل آباد میں پختون برادری نے ہمیشہ مسلم لیگ کا ساتھ دیا ہے اور وہ ثابت قدمی سے پارٹی کے ساتھ کھڑے ہو کرعوامی خدمات انجام دے رہے ہیں لہذا ان کے مسائل کو کبھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کا ملک ہے ‘ بھائی چارے اور پیار و محبت سے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اسے دہشت گردی سے نجات دلائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر پختون برادری کو قومی شناختی کارڈ کے حصول اور سرچ اپریشن میں درپیش مشکلات کے ازالہ کے لئے ڈپٹی کمشنر اور سی پی او کو احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں ۔ایم پی اے حاجی خالد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پختون بہادر قوم ہیں جنہوں نے قیام پاکستان اور بقائے پاکستان کے لئے ہمیشہ بھر پور کردار ادا کیا ہے اب دہشت گردی کے خلاف بھی بے شمار قربانیاں دے رہے ہیں لہذا ان کے ساتھ کوئی فرق روا نہیں رکھا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بسنے والے پختون بھائیوں کو کوئی فکر نہیں کرنی چاہئے ۔ پختون پنجابی ‘ سندھی ‘ بلوچی ہم سب بھائی بھائی ہیں اور متحد ہو کر پاکستان کا تحفظ کریں گے ۔ڈاکٹر اسماعیل خان اورانجینئر ابراھیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پختون برادری ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے ساتھ ہے اور ساتھ رہے گی ۔ انہوں نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی باصلاحیت قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی ‘ دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے و دیگر مسائل کے حل کے لئے ان کی پالیسیوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی اور بقاء پر آنچ نہیں آنے دیں گے اور اندرونی و بیرونی محاذ پر پاکستان مسلم لیگ کے سپاہی بن کر دشمنوں کا مقابلہ کریں گے ۔ انہوں نے پختون آبادیوں میں سرچ آپریشن کے دوران اختیارات سے تجاوز اور نادرا کی طرف سے قومی شناختی کارڈ کے اجراء میں رکاوٹوں سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا ۔ قبل ازیں جب صوبائی وزیر قانون رانا ثناء خان پختون برادری کے اجتماع میں شرکت کے لئے پہنچے تو پختونوں نے انکا پر جوش انداز میں استقبال کیا اور شیر آیا ‘ شیر آیا کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون کو پختونوں کی روایتی پگڑی پہنائی اور یاد گاری شیلڈ پیش کی ۔
پنجاب حکومت
دہشت گردوں کا کوئی مذہب و قومیت نہیں
