پنجاب حکومت

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں

صاف پانی فراہمی

لاہور (ملت آن لائن) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے پیر کویہاں برطانیہ کی پارلیمنٹ کے 7رکنی وفد نے برطانوی پارلیمنٹرین رحمان چشتی کی قیادت میں ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ برطانوی پارلیمنٹرین رحمان چشتی نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ برطانیہ پاکستان میں جمہوریت کی حمایت کرتاہے او رکرتا رہے گا۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے حقیقی معنوں میں عملی کام کر کے دکھایا ہے۔ شہبازشریف نے کئی شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے اور انہوں نے ایک لیڈر کا کردار صحیح معنوں میں نبھایا ہے۔حکومت کے اچھے اقدامات کے باعث پاکستان میں صورتحال بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ تعلیم ،صحت اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کرنے ہیں۔پاکستان اور برطانیہ کے پارلیمنٹرین کے وفود کے زیادہ تبادلو ں سے تعلقات کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کو سراہتے ہیں۔وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے برطانوی پارلیمنٹ کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں اور دنوں ملک ترقی اور خوشحالی کے سفر میں اہم شراکت دار ہیں۔تعلیم ، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبے میں برطانیہ کے بین ا لاقوامی ترقی کے ادارے کا تعاون لائق تحسین ہے اور برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ڈیفڈ کے تعاون سے تعلیم،صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں کامیابی سے پروگرام چل رہے ہیں۔پنجاب حکومت وسائل امانت سمجھ کر دیانتداری کے ساتھ فلاح عامہ کے پروگراموں پر صرف کررہی ہے اور صوبے میں وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا گیاہے۔کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں۔کرپٹ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے ہمیشہ پاکستان میں جمہوریت کی حمایت کی ہے۔ ہمارے دشمن اور دوست مشترکہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے ۔ پاکستان خود کئی برس سے دہشت گردی کا شکار ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لا زوال قربانیوں کی کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے افغان جنگ کے دوران پاکستان کو فرنٹ لائن سٹیٹ بنایا گیا جس کے باعث ملک میں انتہا پسندی او ردہشت گردی نے جنم لیااور عدم برداشت کے رویوں کو فروغ ملا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے حال ہی میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہو رمیں کرا کر دہشت گردوں کو سخت پیغام دیاہے کہ پاکستان میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں۔پنجاب حکومت نے خدشات کے باوجود فائنل میچ کا لاہو رمیں کامیاب انعقاد کرایا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد صرف دہشت گرد ہے جس کا کوئی مذہب ہے نہ کوئی رنگ او رنہ ہی کوئی جغرافیائی شناخت۔انتہاپسندی اوردہشت گردی کے مائنڈ سیٹ کو بھی شکست دینا ضروری ہے اور اس مقصد کے لئے دل اور دماغ جیتنا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہاہے اورانشاء اللہ اس جنگ میں آخری فتح پاکستان او ر20کروڑ پاکستانیوں کی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں میں بے پناہ اضافہ کیاہے۔برطانوی سرمایہ کارپاکستان میں سی پیک کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔پاکستان میں عدم برداشت کے رویوں کی کوئی گنجائش نہیں۔پاکستان میں بسنے والے تمام شہری برابرکے حقوق کے مالک ہیں۔ اقلیتی برادری نے تعلیم ،صحت اور دیگر شعبوں میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نہتے کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہاہے ۔بھارتی مظالم انسانی حقوق کی صریحا خلاف ورزی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ پاکستان کے حالات ماضی کے مقابلے میں آج بہت بہتر ہیں، امو رحکومت کے حوالے سے شفافیت میں اضافہ ہوا ہے ، معیشت مستحکم ہورہی ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہواہے۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے گزشتہ دنوں لند ن میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعلی سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین برطانوی پارلیمنٹ میں نائیجل ہڈلیسٹن( Mr.Nigel Huddleston )،مارک پاوسے(Mr.Mark Pawsey)،ڈیوڈ مورس(Mr.David Morris )،ہنری سمتھ(Mr.Henry Smith )،میتھو اوفورڈ(Mr.Matthew Offord)اورروسٹن سمتھ(Mr.Royston Smith )شامل تھے۔صوبائی وزراء رانا ثنا ء اللہ، رانا مشہود احمد ، ملک ندیم کامران، شیخ علاؤالدین، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، مشیر ڈاکٹر عمر سیف، رکن قومی اسمبلی پرویز ملک، چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔