پنجاب حکومت

رجب طیب اردوان کی ولولہ انگیز لیڈرشپ کے باعث ترکی نے غیرمعمولی ترقی کی ہے

لاہور(ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ترکی کے قومی دن کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان ، ترک وزیراعظم دا ؤداگلو اور ترک عوام کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان لازوال تاریخی تعلقات موجود ہیں ۔ پاکستان اورترکی کے عوام یکجان دوقالب ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے عوام کے مابین باہمی احترام کا مضبوط رشتہ موجود ہے اور ہرگزرتے لمحے پاکستان اورترکی کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہے ۔ دونوں ممالک کے مابین بڑھتا ہوا معاشی تعاون پاک ترک دوستی کو مستحکم کررہا ہے۔ پاک ترک تعلقات کی مثال قوموں کی تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے یکساں سوچ کے مالک ہیں۔ جمہور ی اقدار کے استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل سے ترکی دنیا کا خوشحال ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجب طیب اردوان کی ولولہ انگیز لیڈرشپ کے باعث ترکی نے قلیل عرصہ میں غیرمعمولی ترقی کی ہے۔ زلزلہ ہو یا سیلاب یا کوئی اور قدرت آفت، ترکی ہمیشہ پاکستان اور یہاں کے عوام کے شانہ بشانہ رہا ہے۔ ترکی کی طرف سے قدرتی آفات کے وقت سماجی اور معاشی امداد اور تعاون پاک ترک مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے۔مظفرگڑھ میں سٹیٹ آف دی آرٹ رجب طیب اردگان ہسپتال ترکی کی جانب سے پاکستان کیلئے شاندار تحفہ ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دیرینہ بھائی چارے کے جذبات کو معاشی تعاون کی شکل دینے کا اعزاز مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ ترک عوام نے گزشتہ دنوں جمہوریت کیساتھ جس غیرمتزلزل عزم کا اظہار کیاوہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے ترقی کا یہ سفرجمہوریت پسند معاشرے کی مدد سے طے کیا ہے اور جمہوریت کی خاطرجاں بحق ہونے والے ترک بہن بھائیوں کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔