لاہور (ملت آن لائن) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سنٹرل کمیٹی کے رکن اور چین کے صوبے جیانگ ژی کے پارٹی سیکرٹری لو شنشے نے مقامی ہوٹل میں وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے ملاقات کے دوران اور بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کی تیز رفتار ترقی کا خصوصی ذکر کیااور وزیراعلی شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کے ترقیاتی ویژن کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور جیانگ ژی کے مابین تعلقات بڑھانے کا یہ سنہرا موقع ہے کیونکہ درست وقت ، درست مقام اور درست رہنماموجود ہیں۔درست وقت سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ کی صورت میں موجود ہے جبکہ درست مقام پنجاب ہے جو پاکستان کا سب سے ترقی یافتہ صوبہ ہے اور درست رہنما وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں موجود ہیں اور یہ گولڈن موقع ہے جس سے ہم نے فائدہ اٹھانا ہے۔انہوں نے’’ پنجاب سپیڈ‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی شہبازشریف کی بہترین لیڈر شپ میں صوبہ پنجاب نے غیر معمولی ترقی کی ہے اور منصوبوں کو انتہائی تیزی سے مکمل کر کے شہبازشریف نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا یا ہے او رپنجاب میں منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کے حوالے سے ’’پنجاب سپیڈ ‘‘کا ذکر ہر جگہ ہو رہا ہے۔ شہبازشریف اور ان کی ٹیم نے انتھک محنت سے بے شمار کامیابیاں حاصل کی ہیں جس طرح پنجاب ترقی کرر ہاہے اسی طرح ہمارا صوبہ جیانگ ژی بھی تیزی سے ترقی کررہاہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے سی پیک کے منصوبوں کے ساتھ دیگر منصوبوں کو بھی انتہائی تیزی کیساتھ آگے بڑھایا ہے اور وہ پاکستان کے مقبول ترین رہنما ہیں جنہوں نے عملی طو رپر کام کر کے دکھایا ہے اور حقیقی معنوں میں ترقی کے مینار قائم کئے ہیں، بلاشبہ شہباز شریف ایک پرعزم اور وژنری لیڈر ہیں اورشہباز شریف کی قیادت میں پنجاب نے حقیقی معنوں میں ترقی کی ہے اور وزیر اعلیٰ کی غیرمعمولی صلاحیتوں کو پاکستان کے علاوہ چین میں بھی سراہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پاک چین تعلقات بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ شہبازشریف پاکستان خصوصاً پنجاب کی تعمیر و ترقی کے معمار ہیں اور انہوں نے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی طو رپر کام کرکے دکھایا ہے۔انہوں نے کہاکہ شہبازشریف نے منصوبوں میں معیار اور رفتار کے نئے ٹرینڈ سیٹ کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا پاکستان کا پہلا دورہ ہے اور میں جہاں بھی گیا ہوں بے پناہ محبت اور پیار ملا ہے۔ میں پنجاب کے عوام کی مہمان نوازی، فراخدلی اور خلوص کو فراموش نہیں کرسکتا۔
پنجاب حکومت
رکن سنٹرل کمیٹی، کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور چینی صوبے جیانگ ژی کے پارٹی سیکرٹری کا وزیراعلی کو خراج تحسین
