زرداری نے قوم کا پیسہ ہڑپ کیا اور اب بھاشن دے رہے ہیں، شہبازشریف
لاہور(ملت آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے قوم کا 6 ارب روپیہ ہڑپ کیا اور اب ہمیں بھاشن دے رہے ہیں۔
لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئندہ وزیراعظم کے سوال پر شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف ہمارے قائد ہیں اور جو پارٹی فیصلہ کرے گی وہ من و عن قبول کریں گے۔
صحافی کے سوال پر کہ آپ چوہدری نثار کے بڑے قریبی سمجھے جاتے ہیں، شہبازشریف نے جواب دیا کہ کیا آپ مجھے لڑانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں قبل از وقت الیکشن کا نعرہ وہ لوگ لگارہے ہیں جنہوں نے خیبرپختونخوا کا بیڑہ غرق کردیا، پہلے جھوٹ، الزامات اور پھر یوٹرن، ایسے لوگوں کے الزامات کا میں کیا جواب دوں۔
شہبازشریف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے، وہاں پیش نہیں ہوتے پھر بھی کہتے ہیں شہبازشریف نے 10 ارب کی پیشکش کی، دھرنوں میں قوم کا وقت برباد کیا، اگر خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت ہوتی تو وہاں نہ صرف اسپتال بنتے بلکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی بنتی، ہم صوبے میں ڈینگی کو قابو کرتے، پہاڑوں پر بیٹھ کر گپے نہ مارتے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اورنج لائن کی بھرپور مخالفت کی، یہ اس لیے پہلے الیکشن کا کہہ رہے ہیں کہیں میٹرو مکمل نہ ہوجائے، قوم جانتی ہے میٹرو ٹرین کی تاخیر کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے، انہوں نے میٹرو پر کرپشن کے الزمات لگائے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن یا رشوت آج تک ثابت نہ کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے صوبے کے عوام کو کچھ نہیں دیا اب پنجاب کے عوام سے بھی حق چھیننا چاہتے ہیں۔
آصف زرداری سے متعلق سوال پر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ وہ واسکٹ کو استری کراکے بھاشن دے رہے ہیں، انہوں نے قوم کا 60 ملین ڈالر ہڑپ کیا ہوا ہے جس میں غریب عوام کے خون پسینے کی کمائی چوسی گئی ہے، آصف زرداری نے صدر ہوتے ہوئے آئینی سہارا لیا، اٹارنی جنرل کو خط لکھا اور یہ سب ریکارڈ کا حصہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جو شخص غریب قوم کے اربوں روپے کھا گیا، غریبوں کی بدعائیں اللہ کے ہاں جائیں گی، اس کے علاوہ بے شمار کرپشن ہے اور پھر بھی ان کے اندر یہ حوصلہ کہ وہ ہمیں بھاشن دیں، یہ غیر مناسب بات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں کے جو وسائل انہیں ترقیاتی کاموں کے لیے ملتے ہیں، ان میں قوم کی اپنی دولت بھی شامل ہے، قوم کو ان لوگوں کا گریبان پکڑنا چاہیے جو 6 ارب لوٹ کر لے گئے، سپریم کورٹ نے نندی پور کے فیصلے ان کے خلاف کارروائی کا کہا، رینٹل پاور میں قوم کے اربوں روپے لوٹ لیے گئے۔
پیراڈائز لیکس سے متعلق شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پیراڈائز لیکس میں ایاز نیازی کا نام آیا، این آئی سی ایل میں خالی نیازی ہی نہیں اور بھی کردار ہیں، میں الزام لگانے کا قائل نہیں، حقائق بتاتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف (ن) لیگ کٹہرے میں کھڑی ہے، احتساب اور انصاف وہ ہے جو سب کو نظر آئے اور شفاف ہو، میں نے جو کیسز بتائے اگر ان ہی چند کیسز کو لے آئیں تو پاکستان کو کسی سے قرضہ لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اسموگ سے متعلق شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اسموگ کی کئی وجوہات ہیں، لگی لپٹی سے کام نہیں لیا، جنہوں ںے اس حوالے سے آگہی مہم چلانی تھی انہوں نے وہ نہیں کیا، اس کا بھرپور نوٹس لیا ہے، بھارت میں بھوسے کو جلایا جارہا ہے یہ اسموگ کی وجہ ہے لہٰذا یہ ایک چیلنج ہے اور اسے حل کریں گے۔