زرداری کا کرپشن پر بات کرنا قیامت کی نشانی ہے، شہباز شریف
لاہور:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے سندھ میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے اور ان کا کرپشن پر بات کرنا قیامت کی نشانی ہے۔ لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جو شخص 24 گھنٹے جھوٹ بولتا ہو کیا وہ عوام کے ووٹ کا حقدار ہے، عمران خان نے کہا تھا کہ شہباز شریف کی طرح جنگلا بس نہیں بناؤں گا بلکہ پیسہ تعلیم اور اسپتالوں پر لگاؤں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے پشاور مین جنگلا بس کا سنگ بنیاد تو رکھ دیا ہے لیکن پتہ نہیں یہ میٹرو کب بنے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ایک میگا واٹ بجلی بھی فراہم نہیں کی اور جب پشاور میں ڈینگی آیا تو وہ پہاڑوں پر چڑھ گئے۔