سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کےحوالے
لاہور:(ملت آن لائن) احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق سربراہ احد خان کو پیش کیا گیا اور نیب کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ نیب کی جانب سے سماعت کے دوران موقف اختیار کیا گیا کہ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ پر 32 کنال اراضی میں رشوت لینے کا الزام ہے، تفتیش کے لیے ان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
احد چیمہ کا احتساب عدالت میں جج کے روبروبیان
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق سربراہ احد خان نے عدالت میں کہا کہ مجھے ولن کے روپ میں پیش کیا گیا، انکوائری کے درمیان بھی میڈیا کے فون انہیں آتے رہے۔ سابق ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ میری طرف کسی نے انگلی نہیں اٹھائی اس کے باوجود گرفتارکیا گیا، کوئی میرا مؤقف سننے کو تیار نہیں ہے۔ احتساب عدالت کے جج نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا۔
آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں بدعنوانی : سابق ڈی جی ایل ڈی اے گرفتار
خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا تھا، احد چیمہ نیب میں طلبی کے باوجود تیسری بار پیش نہیں ہوئے تھے۔