لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف لاہورمیں ہونے والے دھماکے میں شہید ہیڈ کانسٹیبل عصمت علی کے گھر ساہیوال ، شہید کانسٹیبل محمد ندیم کی رہائش گاہ رینالہ خورد،دیپالپور کے نواحی گاؤں میں شہید کانسٹیبل عرفان محمود اور قصور کے علاقے راجہ جنگ کے نواحی گاؤں میں شہید کانسٹیبل اسلمکی رہائشگاہ پر گئے۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کی بیوگان، بچوں،والدین اوردیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اوران سے ہمدردی اورتعزیت کااظہار کیا ۔وزیراعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اورشہداء کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے کی مالی اعانت کے چیک دےئے۔وزیراعلیٰ نے شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت شہداء کے بچوں کے تعلیم اورعلاج معالجے کے اخراجات برداشت کرے گی اورشہید ہونے والے پولیس کے بہادر سپاہیوں کے خاندانوں کوباقاعدگی سے تنخواہ ملتی رہے گی۔وزیراعلیٰ نے ساہیوال میں شہیدہیڈ کانسٹیبل عصمت علی کی بیوہ، بچوں اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کے دوران مالی معاونت کیلئے شہید کی بیوہ کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا اور کہا کہ شہید کے بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری حکومت کی ہے اور یہ ذمہ داری پوری کریں گے۔پنجاب حکومت شہید کے بچوں کے تعلیمی اور علاج معالجے کے اخراجات برداشت کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی کہ شہید کی بیوہ اور بچوں کو تنخواہ بدستور جاری رکھی جائے اور شہید کے خاندان کی دیکھ بھال کیلئے پولیس افسران ان سے رابطے میں رہیں۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عصمت علی نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے اور ہمارا ایمان ہے کہ شہید زندہ ہوتے ہیں۔شہادت جیسے عظیم رتبے کا کوئی مول نہیں۔شہید کی موت قوم کی حیات ہے اور دنیا کی کوئی دولت شہداء کا بدل نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے قوم بدلہ لے گی۔اللہ تعالیٰ ان سفاک درندوں کو دنیا میں بھی رسوا کرے گا اور اگلے جہاں میں بھی۔وزیراعلیٰ شہید ہیڈکانسٹیبل عصمت علی کی قبر پر بھی گئے اور فاتحہ خوانی کی۔
پنجاب حکومت
سانحہ لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کا شہدا کی رہائش گاہ پر آمد، تعزیت
