سی پیک کی تکمیل دونوں دوست ممالک کے درمیان خوشحالی اور ترقی کے نئے باب کھولے گی، چین اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا ، سی پیک کے تحت منصوبوں میں ساہیوال کول پاور پراجیکٹ رول ماڈل منصوبہ ہے،منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف مقامی آبادی کو روزگار ملے گا ،چینی سفیر سن وی ڈونگ
ساہیوال(ملت+آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جمعہ کو ساہیوال کے نزدیک قادر آباد میں لگنے والے 1320میگاواٹ کے کول پاور پراجیکٹ کااچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے منصوبے کی سائٹ پر اجلاس کی صدارت کی جس میں پراجیکٹ پر تیزرفتار پیش رفت کا جائزہ لیاگیا ۔وزیراعلیٰ نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی آزمائشی مشقوں کا مظاہرہ بھی دیکھا اوراہلکاروں سے گفتگو بھی کی۔ چین کے سفیر سن ویڈانگ اور قونصل جنرل یوبورن بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پرکام کی رفتار کامعائنہ کیااوراس منصوبے پر اب تک ہونے والی پیشرفت کو حیران کن حد تک تیزرفتار قرار دیا ۔وزیراعلیٰ نے پانچویں منزل پر لگائے جانے والے بہت بڑے جنریٹر کا بھی معائنہ کیا۔ چینی کمپنیوں کے ماہرین نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو منصوبے پر ہونے والی تیز رفتار پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ چینی انجینئرز نے منصوبے کے تکنیکی پہلوؤں کے بارے میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور جیسے منصوبوں سے دوست خوش اور دشمن پریشان ہیں۔ سی پیک کے منصوبوں میں پاکستان اور چین کی ترقی اور خوشحالی شامل ہے۔سی پیک جیسے منصوبوں نے مستقبل کی بھی منصوبہ بندی کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے ،روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور ہم بہت جلدتوانائی بحران پر قابو پالیں گے اوریہ سب کامیابیاں چین کے تعاون سے جاری سی پیک منصوبوں کی بدولت ممکن ہورہی ہیں۔ساہیوال میں زیر تعمیر 1320 میگا واٹ کا کول پاور پلانٹ جون 2017 ء تک مکمل ہو جائے گا جو ریکارڈ مدت میں مکمل ہونیوالا توانائی کے شعبے میں دنیا کا پہلا منصوبہ ہو گا ۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اور ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی تیز رفتار تکمیل سے ہم نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ منصوبے کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی،روزگار بڑھے گا اور اندھیرے دور ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے پلانٹ اور چینی انجینئرز و عملے کی حفاظت کیلئے بنائے گئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی آزمائشی مشقوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی مشقوں کے دوران ان کے عملی مظاہرے کو سراہا اور کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ چینی انجینئرز اور عملے کی حفاظت کیلئے تشکیل دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر یونٹ کے اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ محنت سے فرائض سرانجام دیں ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے منصوبے کی سائٹ پراجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم سی پیک منصوبے شروع کرنے اور ملک سے توانائی بحران کے خاتمے میں مدد دینے پر چینی حکومت اور عوام کی احسان مند ہے اور یہاں کام کرنے والے ہر چینی انجینئر اور مزدور کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
پنجاب حکومت
ساہیوال کول پراجیکٹ منصوبے سے لوڈشیڈنگ میں کمی آئیگی،وزیراعلیٰ پنجاب
