سموگ سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر کے بینرز آویزاں کرنے کی ہدایت
سرگودھا: (ملت آن لائن) سیکرٹری ڈی آر ٹی اے نے ضلع بھر کے بس سٹینڈ مالکان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ لاری اڈوں پر سموگ سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر کے بینرز آویزاں کریں ، بینرز پر یہ عبارت درج کی جائے کہ سموگ صحت کیلئے خطرناک ہے اس سے بچاؤ کیلئے بینرز کی عبارت یہ لکھی جائے کہ’’ سموگ انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہے جس سے بچنے کیلئے ماسک استعمال کیاجائے ‘‘ ۔
حکام نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر ماحولیات بیگم ذکیہ شاہنواز نے لاہور نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ اگر سموگ کی صورت حال یہی رہی تو ماہرین سے مشورہ کے بعد سکول بند کر دیے جائیں گے۔ سموگ کی صورتحال پر محکمہ ماحولیات موسم کے ہاتھوں بے بس ہو چکے ہیں جبکہ دوسری طرف ماہرین ماحولیات کا کہنا تھا حکومت اربوں روپے کے بجٹ سے مصنوعی بارش سے صورتحال پر قابو پا سکتی ہے۔
گزشتہ روز ہاکی سٹیڈیم میں صوبائی وزیر ماحولیات کی زیر صدارت سموگ کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت، ٹرانسپورٹ، ایل ڈبلیو ایم سی اور محکمہ داخلہ سمیت دیگر محکموں کے حکام نے صوبائی حکومت کی موجودہ کارکردگی اور عملی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔