پنجاب حکومت

سی پیک کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی

لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے اتوار کو چین کی معروف پیکنگ یونیورسٹی کے بین الاقوامی ماہر معاشیات اورعالمی بینک کے سابق سینئر نائب صدر پروفیسر جسٹن یی فولن نے ملاقات کی ، ملاقات میں پاک چین تعلقات ، پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے، انڈسٹریل پارکس کے قیام اور معاشی استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیکنگ یونیورسٹی کے بین الاقوامی ماہر معاشیات اورعالمی بینک کے سابق سینئر نائب صدر پروفیسر جسٹن یی فولن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پاکستان خصوصاً پنجاب کی ترقی کیلئے لیڈنگ کردار ادا کیا ہے اور پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے ان کی خدمات گرانقدر ہیں۔ شہبازشریف ایک حقیقی لیڈر ہیں اور انہوں نے غیرمعمولی اقدامات کرکے صوبے کی معیشت کو مضبوط بنایا ہے۔ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب کی ترقی کی مثال بیرون ملک بھی دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے جو غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں ہم ان سے سیکھنا چاہتے ہیں اورمجھے خوشی ہے کہ آج میری وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کو سی پیک نے نئی جہت عطا کی ہے۔چین کی حیران کن ترقی اقوام عالم کیلئے رول ماڈل ہے۔سی پیک کے باعث پاکستان میں ترقی کے نئے باب رقم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے سی پیک کا عظیم تحفہ ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔سی پیک کے بے پناہ فوائد سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے سی پیک ایک گیم چینجر ہے۔بعض عناصر سی پیک کے عظیم تحفے سے پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ عناصر سی پیک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں لیکن سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔سی پیک آگے بڑھے گا اور پاکستان ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک بھی سی پیک کے لاتعداد ثمرات سے مستفید ہوں گے۔سی پیک صرف اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا نام نہیں بلکہ یہ ترقی و خوشحالی کا وہ روشن سفر ہے جس سے پورا خطہ فائدہ اٹھائے گااوراس عظیم الشان منصوبے کے ثمرات مستقبل کے روشن سفر کو مزید تیز کریں گے جس سے علاقائی تعاون میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ چین نے انڈسٹریل پارکس کے قیام کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کی ہے۔پنجاب حکومت انڈسٹریل پارکس خصوصاً گارمنٹس انڈسٹریل زون کے قیام کے حوالے سے چین کے اس تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے چین کے بے پایاں تعاون پر چینی قیادت، حکومت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔سی پیک کے تحت توانائی کے شعبہ میں چین کی 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی کوئی مثال نہیں ملتی۔بجلی تیز رفتار معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے۔سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے اورکئی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کا اینٹی کرپشن کا ویڑن انتہائی شاندار ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بھی صوبے میں کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔کرپشن کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شفافیت اور میرٹ ہماری حکومت کے بنیادی ستون ہیں۔عالمی ادارے بھی پاکستان میں کرپشن میں کمی کا اعتراف کر رہے ہیں۔پروفیسر جسٹن یی فولن نے اس موقع پر وزیراعلیٰ کو اپنی کتاب بھی پیش کی۔چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن (Mr. Long Dingbin)،صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، عائشہ غوث پاشا، مشیر ڈاکٹر عمر سیف، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام کے علاوہ معروف صنعتکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔