پنجاب حکومت

سی پیک کے تحت دن رات کام ہورہا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور(آئی این پی )وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں زرعی خوشحالی کیلئے پانی کے وسائل کو ترقی دی جا رہی ہے اور توانائی کے حصول میں اضافے کے منصوبوں پر بھی انتہائی تیزی سے کام جاری ہے تاکہ فی ایکڑ پیداواربڑھانے کیلئے زیادہ سے زیادہ رقبہ زیر کاشت لایا جاسکے اور کاشتکاروں کو آبپاشی اور بجلی کی مطلوبہ ضروریات پوری ہوسکیں۔وہ جمعرات کو اسلام آباد میں وزارت پانی و بجلی میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف ، چیئرمین واپڈا اور دیگر اعلی حکام کے ایک اجلاس کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں پانی کے ذخائر کی تعمیر کے علاوہ متبادل توانائی کے حصول کے منصوبے تیز رفتار ی سے مکمل کئے جا رہے ہیں جن کی تکمیل سے آئندہ دو برس میں بجلی کی پیداوار میں خاطرخواہ اضافہ ہو گا اور کاشتکاروں کو پانی اور بجلی کے حصول میں مشکلات درپیش نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے جتنے مخلصانہ اور سنجیدہ اقدامات تین برس میں کئے گئے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی اور پنجاب سمیت ملک بھر میں توانائی منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت 36 ارب ڈالر تو انائی سیکٹر کے منصوبوں کیلئے ہیں اور پنجاب میں سی پیک کے تحت متعدد منصوبوں پر دن رات کام ہو رہا ہے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت کوئلے ، سولر، ونڈاور ہائیڈل پاور کے منصوبے ملک بھر میں لگائے جا رہے ہیں جبکہ کمیونیکیشن، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے منصوبے بھی لگ رہے ہیں۔ سی پیک کے تحت معاہدوں پر دستخطوں کے بعد تیز رفتاری سے منصوبوں پر عملدرآمد کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں 1320 میگا واٹ کول پاور پراجیکٹ اگلے سال کے وسط میں بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔اسی طرح پنجاب میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے 3600 میگا واٹ بجلی کے کارخانوں کے منصوبوں کو بھی تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ سی پیک کے تحت چین کی توانائی کے منصوبوں میں 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے بجلی کی کمی کا مسئلہ حل ہو گا۔