شہبازشریف کی قیادت میں ملک میں جاری ترقی کا عمل مزید تیزہوگا، عمران نذیر
لاہور(ملت آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و وفاقی وزیر محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کی سرپرستی اور محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک مزید رقی کریگا، 2018ء کا الیکشن پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا الیکشن ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے دن رات محنت کر کے خلوص دل سے عوام کی خدمت کی ہے، ہم ملک سے غربت اور بے روز گاری کا خاتمہ کریں گے اور ملک کو صحیح معنوں میں قائد ؒ و اقبالؒ کا پاکستان بنائیں گے، محمد نوازشریف کی محبت کبھی نہیں جاسکتی،وہ لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں، نوازشریف پاکستان کی شان،آن اور بان ہیں۔ وہ مدبر ہیں اور ہماری سیاست کے عظیم سپوت ہیں، ان کی قیادت میں ہم ترقی کریں گے اور ملکر آگے بڑھیں گے، دن رات جھوٹ بولنے والے عمران کی وجہ سے میٹرو اورنج ٹرین منصوبے میں 22ماہ کی تاخیر ہوئی،خیبر پی کے کے غیور عوام نے ساڑھے چار سال قبل عمران پر اعتبار کر کے اسے حکومت دی لیکن اس نے معاشی لحاظ سے صوبے کا بیڑہ غرق کردیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرارکان اسمبلی غزالی سلیم بٹ،چوہدری شہباز، سید توصیف شاہ،ڈاکٹر اسد اشرف،عامر خان،جاوید اقبال ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار رانا احسن شرافت،سمیرا امجد،ثمرہ نذیر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے منصوبے شفافیت‘ رفتار اور اعلیٰ معیار کی خود گواہی دے رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ساڑھے چار برس کے دوران حکومت کے ٹھوس اقدامات کے باعث پاکستان میں کرپشن کنٹرول کرنے کے عالمی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے، ماضی کے حکمرانوں نے وسائل کو بے دردی سے لوٹا، ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن‘ لوٹ مار اور غلط پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا امیج متاثر ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے عوام کے خون پسینے کی کمائی کو دیانتداری کے ساتھ فلاح عامہ کے منصوبوں پر خرچ کیا ہے، عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے۔