پنجاب حکومت

شہباز شریف کا پرجوش خطاب ، سیاسی مخالفین پر کڑی تنقید

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کیلئے کوئلے کی پہلی ٹرین کی پراجیکٹ سائٹ پر آمد کے موقع پر منعقد ہ تقریب کے د وران پرجوش انداز میں خطاب کیا۔ وزیر اعلی نے تقریر کا آغاز انگریزی زبان میں کیا تا ہم بعد میں زیادہ تر خطاب اردو میں کیا۔ وزیر اعلی نے کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ یہ ہمارے وہ سیاسی مخالفین ہیں جو ملک کی ترقی و خوشحالی نہیں چاہتے ۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں گیس پاورپراجیکٹس میں 112 ارب روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں، کیا کوئی کرپٹ لیڈر اس طرح کی بچت کرتا ہے ؟کیا کوئی کرپٹ لیڈر ملک و قوم کے وسائل اس طرح بچاتا ہے؟ کیا کوئی کرپٹ لیڈر اس طرح کی شفافیت کو یقینی بناتا ہے ؟شفاف ترین منصوبوں پر طعنے کسنے والے خود کرپشن زدہ ہیں ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ موجودہ دور کے منصوبوں میں شفافیت اور تیزرفتاری کی کوئی مثال نہیں ملتی اور اس کا کریڈٹ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت کو جاتا ہے ۔ سیاسی مخالفین کو وزیر اعظم محمد نواز شریف کی لیڈر شپ پر انگلیاں اٹھانا زیب نہیں دیتا ۔ یہ عناصر پہلے اپنے گریباں میں جھانکیں اور پھر بات کریں۔ میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کی لیڈر شپ کو سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے محنت ، دیانت اور شفافیت سے منصوبے مکمل کئے ہیں اور وہ قوم کو ان کے خوابوں کی تعبیر دے رہے ہیں ۔ وزیراعلی نے اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والوں ، ماضی میں اپنے دور میں کرپشن کے ریکارڈ بنانے والوں اور دھرنا دینے والوں پر کڑی تنقید کی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ جنہوں نے اربوں روپے کے قرضے معاف کروائے ہیں، اب میری طرف سے انہیں مکمل اور بھرپور جواب مل چکا ہے اور اگر ضروری ہوا تو میں عدالت میں خود کھڑا ہوں گا۔ وزیر اعلی نے اپنے خطاب میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کی لیڈر شپ کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا اور مخالفین کے بے بنیاد الزامات کا بھرپور انداز میں جواب دیا۔ وزیر اعلی پنجاب نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا فضائی جائزہ بھی لیا جبکہ منصوبے کے مختلف حصوں کا دورہ کر کے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔