پنجاب حکومت

صاف پانی پروگرام سے طرز زندگی میں نمایاں تبدیلی آئے گی

لاہور؛ (ملت+اے پی پی )صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا امانت اللہ شادی خیل نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے صاف پانی پروگرام کی تکمیل سے صوبے کے عوام کے طرز زندگی میں نمایاں تبدیلی آئے گی اور وہ نہ صرف اچھی صحت کے فوائد سے مستفید ہونگے بلکہ ان کے طبعی اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے ان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں صاف پانی کمپنی کے زیر اہتمام’’ پنجاب میں دیہی آبادی کو پینے کے محفوظ پانی کی فراہمی‘‘ کے موضوع پر دو روزہ مشاورتی سیمینار کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو روزہ مشاروتی سیمینار کا مقصد بلڈنگ کا طریقہ کار، ای پی سی کنٹریکٹس، تکنیکی ڈیزائن ،جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور پانی کی تقسیم کے لئے جدید ایس سی اے ڈی اے سسٹم کے نفاذ اور طریقہ کار پر مشاروت کرنا ہے۔پینے کے محفوظ پانی کی دستیابی ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے اور پاکستان میں عوام کی اکثریت پینے کے لئے زیر زمین پانی استعمال کر تی ہے جوکہ مختلف وجوہات کی بناء پر آلودہ ہو چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر بہاولپور ریجن کی پانچ تحصیلوں خانپور، حاصل پور،لودھراں،دنیا پور اور منچن آباد میں 80جدید فلٹریشن پلانٹ نصب کئے گئے ہیں ، جن سے اڑھائی لاکھ سے ذیادہ مقامی آبادی استفادہ حاصل کر رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب کی عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں عالمی میعارکے حصول کے لئے بین الاقوامی کمپنیوں کو شامل کر نا وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ترجیحات میں شامل ہے اور صوبے میں متاثر کن اقتصادی ترقی اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت پنجاب عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے۔حکومت پنجاب صوبے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے والی ملکی و بین الاقوامی کمپنیوں کو ہر قسم کی سکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے سرمائے کو بھی تحفظ فراہم کر رہی ہے۔