لاہور: (ملت+اے پی پی) حکومتی اعلامیہ کے مطابق، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پینے کے صاف پانی پروگرام میں غفلت اور بے ضابطگیوں پر کمپنی کے اعلیٰ افسر کرنل (ر) مقبول کو ملازمت سے برطرف اور چیف پروکیورمنٹ آفیسر شبنم کو معطل کر دیا ہے اور امور کا جائزہ لینے کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کا سربراہ چیئرمین وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم کو بنایا گیا ہے۔ کمیٹی میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، سینئر افسر احد چیمہ اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔ کمیٹی آئندہ چند روز میں اس ضمن میں تحقیقات کر کے اپنی حتمی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کرے گی۔ جب کہ پروگرام میں مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا معاملہ اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ جن لوگوں کی وجہ سے مفاد عامہ کا یہ بڑا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا ہے انہیں حساب دینا ہو گا۔ دریں اثناء، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے پہلی مرتبہ ناکامی کا اعتراف کر لیا، کہتے ہیں لاہور پارکنگ کمپنی کی کارکردگی 3 برس کے دوران کسی صورت بھی تسلی بخش نہیں رہی اور پھر صاف پانی کمپنی نے بھی پانی پر ہاتھ صاف کر دیا۔
پنجاب حکومت
صاف پانی پروگرام میں بے ضابطگیاں، وزیر اعلیٰ کا سخت ایکشن
