پنجاب حکومت

صنعتی یونٹس بند کریں، سیکرٹری ماحولیات پنجاب

صنعتی یونٹس بند کریں، سیکرٹری ماحولیات پنجاب
اسلام آباد: (ملت آن لائن) پنجاب کی وزیر برائے ماحولیات بیگم زکیہ شاہنواز سے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما غیاث عبداﷲ پراچہ نے ملاقات کی ہے ۔اس موقع پر غیاث پراچہ نے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں سموگ پر قابو پانے کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کو جلد از جلد سی این جی پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔ دنیا کے درجنوں ممالک بڑے شہروں میں آلودگی میں کمی کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ سی این جی پر چلا رہے ہیں اس لئے پاکستان کے دیگر حصوں میں بھی لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ و ملتان میں بھی ایسا ہی کیا جائے تاکہ سموگ سے کاروبار زندگی متاثر ہونے کا سلسلہ روکا جا سکے۔ ہم اس سلسلہ میں حکومت سے ہر ممکن تعاون کو تیار ہیں۔ اس موقع پر سیکریٹری ماحولیات پنجاب سیف انجم، دیگر اعلیٰ حکام اور سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنما کیپٹن (ر) شجاع اور وقاص احمد بھی موجود تھے۔ غیاث پراچہ نے کہا کہ سموگ کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ فضائی آلودگی میں کمی کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں جس میں نجی شعبہ بھرپور تعاون کرے گا اور اس سے فضائی آلودگی میں 28 فیصد تک کمی آ جائے گی جس سے عوام کے مسائل کم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سموگ اور آلودگی میں خاطر خواہ کمی کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ سمیت کم از کم 50 فیصد گاڑیوں کی سی این جی پر منتقلی ضروری ہے کیونکہ گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم ہو چکی ہے اور اب کہیں کوئی کمی نہیں ہے۔ اس سلسلہ میں پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے سلنڈروں اور کٹس کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر سیکریٹری ماحولیات نے کہا کہ حکومت پنجاب میں آلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کو بند کر رہی ہے اور تمام پبلک ٹرانسپورٹ کو سی این جی پر منتقل کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی این جی شعبہ بھی حکومت سے تعاون کرے اور اس ماحول دوست ایندھن کی قیمت کم رکھی جائے تاکہ یہ عوام میں مقبول ہو سکے۔