ملتان (ملت + آئی این پی)صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اس لئے علاج و معالجہ کے بڑے ہسپتالوں کے قیام کے ساتھ ساتھ ادویات کی کوالٹی اور انتقال خون کے عمل کو محفوظ بنانے کیلئے انہیں جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت کے محفوظ انتقال خون پراجیکٹ کے فیز 1 میں ملتان اور بہالپور میں ریجنل بلڈ سنٹر قائم کیے گئے ہیں۔ ان سنٹر کے ساتھ جنوبی پنجاب کے 11 ہسپتال منسلک کئے گئے ہیں۔ ان تمام ہسپتالوں کو یہ سنٹر مفت محفوظ خون مہیا کریں گے۔ پاکستان میں اس نوعیت کے صرف 10 سنٹر قائم ہیں جس میں 2 جنوبی پنجاب میں قائم ہیں۔سیکنڈ فیز میں سنٹر پنجاب میں بلڈ سنٹر قائم کئے جائیں گے اور جناح ہسپتال اور میو ہسپتال لاہور کے بلڈ بنک کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں فیصل آباد میں بھی ریجنل بلڈ سنٹر قائم کیا جائے گا۔ یہ بات وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے جرمنی حکومت کے تعاون سے مجموعی طور پر 30 کروڑ روپے کی لاگت سے ملتان اور بہالپور کے ریجنل بلڈ سنٹرز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں بتائی۔ اس موقع پر جرمنی کی سفیراینا لیپل، ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ، پروفیسر ڈاکٹر حسن عباس ظہیر، ڈاکٹر ظفر اقبال، ڈاکٹر معصومہ زیدی، ڈاکٹر محمد یونس، ڈاکٹر کامران سالک، ڈاکٹر ملک عاشق، چیئرمین ضلع کونسل دیوان عباس بخاری،میئر ملتان نوید الحق ارائیں اور ڈپٹی میئر منور احسان قریشی بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ یہ دونوں سنٹرز جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان، مظفر گڑھ خانیوال، لودہراں اور بہاولپور کے چالیس لاکھ لوگوں کو محفوظ اور فوری خون مہیا کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ریجنل بلڈ سنٹر ملتان میں سالانہ 50 ہزار خون کے بیگ رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔ جبکہ دونوں سنٹروں کو جدید آلات اور تربیت یافتہ سٹاف مہیا کیا گیا ہے۔ وزیر صحت نے ان سنٹرز کے قیام کو کامیاب بنانے والی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔جرمن سفیر اینا لیپل نے پنجاب حکومت کی عوام تک سہولیات کی سہل فراہمی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ریجنل بلڈ سنٹر ملتان اور بہالپور کو ’’سکسیس سٹوری‘‘ (Success Story) قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کے مسائل حل کرنے میں پیش پیش ہے اور اس خطہ کو ترقی یافتہ بنانا چاہتی ہے۔ محفوظ انتقال خون انسانی جان بچانا ہے۔ اس لئے ہر شخص کو سال میں 3 سے 4 بار خون کا عطیہ کرنا چاہیے۔ جنوبی پنجاب میں ان بلڈ سنٹرز کا قیام خوش آئند اور عوام کے لیے ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمن حکومت پاکستان کی ترقی میں ہر طرح کی معاونت کرے گی۔تقریب کے آخر میں ریجنل بلڈ سنٹر ایڈمنسٹریشن کی جانب سے وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق ، ’’جرمن سفیر اینا لیپل کو سوینئر پیش کیا گیا جب کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد میں شیلڈزبھی تقسیم کی گئیں۔
پنجاب حکومت
صوبائی حکومت عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے
