لاہور (ملت + آئی این پی) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر صوبے میں ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے تحت 10 ہزار سے زائد اضافی کلاس رومز کی تعمیر کا پروگرام تشکیل دیا گیا ہے جس کا آغاز جنوبی پنجاب کے سکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر سے کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے آج یہاں مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروگرام پر مرحلہ وار عملدرآمد ہوگا اور اس پروگرام سے طلبا و طالبات کومعیاری تعلیمی سہولتیں میسر آئیں گی اور وہ بہترماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بچے ہمارا روشن مستقبل ہیں، پنجاب حکومت ان کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ فروغ تعلیم کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب شبانہ روز کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہو ں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر کام کے معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کیلئے ضلع اورڈویژن کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو اس پروگرام کے تحت تعمیر ہونے والے اضافی کمروں کے معیار اور کام کے رفتار کی مانیٹرنگ کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام کے تحت سکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ عدم دستیاب سہولتوں کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
پنجاب حکومت
صوبہ بھر کے سکولوں میں تعمیر ہونے والے10ہزار اضافی کلاس رومز کے ڈیزائن کی منظوری
