پنجاب حکومت

ضمنی الیکشن نےدھرنا سیاست کا ایک بارپھردھڑن تختہ کردیا،شہباز

لاہور(آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن نے دھرنا سیاست کرنیوالوں کا ایک بار پھر دھڑن تختہ کردیا،باشعور عوام آگاہ ہیں کہ کون خدمت کی سیاست اور کون انتشار کی سیاست کر رہا ہے،خدمت،ذہانت اور شفافیت کے آگے الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔منگل کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی جس میں سعدرفیق نے چیچہ وطنی این اے 162کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کی جیت پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کی،ملاقات کے دوران خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عوام نے بار بار تحریک انصاف کے ساتھ ضمنی الیکشن میں انصاف کیا،اب تحریک انصاف کی قیادت کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے،ملاقات میں سی پیک سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیچہ وطنی میں مخالفین کی نشست عوام کی مسلم لیگ (ن) سے محبت کا ثبوت ہے۔اسی موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ ضمنی الیکشن نے دھرنا سیاست کرنیوالوں کو ایک بار پھر دھڑن تختہ کردیا،باشعور عوام آگاہ ہیں کہ کون خدمت کی سیاست اور کون انتشار کی سیاست کر رہا ہے،خدمت،ذہانت اور شفافیت کے آگے الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی،خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو منفی سیاست ترک کرنی چاہیے،مسلم لیگ ن اقدار کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے اور ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھ رہا ہے۔(خ م)