طاہرالقادری انصاف کے حصول کے لئے عدالت جائیں، ترجمان پنجاب حکومت
لاہور:(ملت آن لائن) ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری سانحہ ماڈل ٹاؤں میں انصاف کے حصول کے لئے عدالت جائیں۔ حکومت پنجاب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عدالت ہی واحد فورم ہے جہاں سے ڈاکٹر طاہرالقادری کو انصاف ملے گا، دھرنوں نے نقصان کے علاوہ کچھ نہیں دیا، وہ پہلے بھی دھرنے دے چکے ہیں۔ پنجاب حکومت کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر طاہرالقادری دھرنا نہیں دیں گے، ان کی آل پارٹیز کانفرنس نے سیاسی اعلامیہ جاری کیا جس میں جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کا حوالہ دیا گیا تاہم اس رپورٹ میں کسی پر ذمہ داری عائد نہیں کی گئی۔ اے پی سی کی شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کو مستعفی ہونے کیلیے 7 جنوری تک کی مہلت، ملک احمد خان نے مزید کہا کہ اگر اپوزیشن غیر آئینی اقدامات کرنا چاہتی ہے تو ان کی مرضی ہے تاہم عام انتخابات جولائی میں ہی ہوں گے۔ خیال رہے کہ 30 دسمبر کو پاکستان عوامی تحریک کی زیر قیادت ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کو ریاستی دہشت گردی کا بدترین واقعہ قرار دیا تھا۔ اے پی سی نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کو مستعفی ہونے کے لیے 7 جنوری تک کی مہلت دی تھی۔