لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے خودداری ،اعلیٰ اقدار،انصاف پسندی ،صاف گوئی اورجمہوریت کا درس دیا، پوری قوم کواقبال کے افکار کو مشعل راہ بنانے کے عزم کا عہد کرنا ہو گا۔ علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال نے شاعری اور افکار کے ذریعے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدارکیا۔وہ اسلام کے آفاقی پیغام کے علمبردار ہیں جو ہر زمانے کیلئے زندہ و پائندہ ہے اور نوجوانوں کیلئے ذہنی مصلح اورایک رہبر کی حیثیت رکھتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری نوجوان نسل کیلئے نسخہ کیمیاکی حیثیت رکھتی ہے ،آج ہمیں ان کی تعلیمات اورافکارپرعمل پیرا ہونے اورملک کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کیلئے بھرپورجدوجہد کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔
پنجاب حکومت
علامہ اقبال کے افکار کو مشعل راہ بنانے کے عزم کا عہد کرنا ہو گا، شہبازشریف
