لاہور (ملت + آئی این پی) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے پنجاب سیف سٹیز پراجیکٹ کا آغاز کردیاگیا ہے۔ عوام کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔پیر کے رواز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز پراجیکٹ پرامن ،محفوظ اورخوشحال پنجاب کی جانب ایک انقلابی اقدام ہے اورپنجاب حکومت کے اس اقدام سے صوبہ پنجاب محفوظ ،پرامن اورخوشحال صوبہ بنے گا۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم پر قابو پانے میں بے پناہ مدد ملتی ہے اورپنجاب سیف سٹیز پراجیکٹ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کی جانب اہم اقدام ہے اوریہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں سیف سٹیز پراجیکٹ کے علاوہ صوبے کے 6بڑے شہروں ملتان،راولپنڈی،فیصل آباد، گوجرانوالہ ،بہاولپور اورسرگودھا میں بھی یہ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن ہوگاتبھی ترقی اورخوشحالی آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ 12 ارب روپے کے اس منصوبے کو محنت اورعزم کیساتھ آگے بڑھانا ہے اوراس اہم قومی منصوبے کے کاموں میں تاخیر کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔
پنجاب حکومت
عوام کے تحفظ کیلئے پنجاب سیف سٹیز پراجیکٹ کا آغاز
