غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی تفصیلات پیش نہ کرنے پر عدالت برہم
لاہور:(ملت آن لائن)غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی تفصیلات پیش نہ کرنے پر لاہور ہائیکورٹ نے سخت اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر لوڈ شیڈنگ کا شیڈول پیش کریں ورنہ سیکرٹری پاور اینڈ انرجی ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت نے 5 سالوں میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا مگر لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے بجائے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سرد موسم اور بجلی کی طلب میں کمی کے باوجود لوڈ شیڈنگ ختم نہ ہونے سے شہریوں کو معمولات زندگی متاثر ہونے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کر کے واپڈا اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ لہٰذا عدالت وضاحت طلب کرے۔ عدالتی حکم کے باوجود تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے جواب داخل نہ کرنے پر عدالت نے سخت اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے کہا کہ اگر لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی تو شیڈول عدالت میں پیش کر دیا جائے کہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی۔ آئندہ سماعت تک لوڈ شیڈنگ کا شیڈول پیش نہ کیا گیا تو سیکریٹری پاور اینڈ انرجی کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے گا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کردی۔