پنجاب حکومت

فیصل سبحان نے جعلی خطوط استعمال کرکے کمپنی بنائی، ترجمان پنجاب حکومت

فیصل سبحان نے

فیصل سبحان نے جعلی خطوط استعمال کرکے کمپنی بنائی، ترجمان پنجاب حکومت

لاہور:(ملت آن لائن) پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ کیپٹل انجینئرنگ کمپنی کے سی ای او فیصل سبحان کا کردار مشکوک ہے، جس نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سینیٹر مشاہد حسین سید کے جعلی خطوط استعمال کرکے جعلی کمپنی بنائی۔ ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘فیصل سبحان نے اعجاز نامی شخص سے مل کر ایک جعلی کمپنی بنائی، جس کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سینیٹر مشاہد حسین سید کے جعلی خطوط استعمال کیے گئے’۔ ملک احمد خان کے مطابق ‘جب چین نے یہ معاملہ ہمیں بھیجا تو تحقیقات کرنے پر ہمیں پتہ چلا ان کی کوئی کمپنی نہیں’۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق، ‘ہم نے چینی سیکیورٹیز اینڈ ریگولیٹری کمیشن (سی ایس آر سی) کو ملتان میٹرو کے کنٹریکٹرز کی تمام تفصیل بھیجی تو چین نے ان کی جعلی کمپنی بلیک لسٹ کردی’۔ ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ ‘یہ کوئی پہلا موقع نہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اس سے پہلے بھی الزامات لگاچکے ہیں’۔
عمران خان کا فیصل سبحان کی بازیابی کے لیے تلاش گمشدہ مہم چلانے کا اعلان
واضح رہے کہ 25 فروری کو عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ’شہباز شریف کی پاناما لیکس اب منظر عام پر آئی ہے اور کیپٹل انجینئرنگ نامی کمپنی کے سربراہ فیصل سبحان نے ملتان میٹرو منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کرنے والے چینی حکام کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ شہباز شریف اور ان کے خاندان کے بیرون ملک اکاؤنٹس میں بھاری کمیشن منتقل گیا’۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اس اعتراف کے بعد فیصل سبحان کو غائب کردیا گیا، ساتھ ہی انہوں نے اس گمشدگی کی عدالتی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا تھا۔
’فیصل سبحان کو شہبازشریف کی کرپشن سے متعلق گواہی دینے پر غائب کیا گیا‘
بعدازاں 26 فروری کو اپنے ایک اور بیان میں عمران خان نے کہا تھا کہ شہباز شریف نے 9 سالوں میں 9 ہزار ارب روپے خرچ کیے اور فیصل سبحان نے ملتان میٹرو میں کرپشن سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف گواہی دی تو اسے غائب کردیا گیا۔ جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت نے کہا تھا کہ ملتان میٹرو بس منصوبے پر چینی کمپنی پہلے ہی معافی مانگ چکی ہے، عمران خان حقائق کو نہیں جھٹلا سکتے۔ چین نے شہباز شریف پر منی لانڈرنگ الزامات لگانے والی کمپنی بلیک لسٹ کردی واضح رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر ملتان میٹرو پروجیکٹ میں مبینہ منی لانڈرنگ کے الزامات کی وجہ بننے والی چینی کمپنی جیانگسو یا بائٹ لمیٹڈ کے فراڈ کا ڈراپ سین ہو گیا تھا اور کمپنی کو چین میں ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کرتے ہوئے اس کے مالک کو سخت سزائیں سنائی گئی تھیں۔
‘احد چیمہ کی گرفتاری پر احتجاج، حکومت پنجاب نے حوصلہ افزائی نہیں کی’
لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ڈی جی احد چیمہ کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری پر پنجاب حکومت کی جانب سے بیوروکریٹس کے احتجاج کی سرپرستی کرنے کے تاثر کو رد کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ یہ غلط تاثر ہے کہ پنجاب حکومت نے سرکاری افسران کی حوصلہ افزائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران نے احد چیمہ کی گرفتاری پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے افسران کو کہا گیا کہ آپ سرکاری ملازم ہیں کسی افسر کی گرفتاری پر کام روکنا غلط ہے۔ ملک احمد خان نے مزید کہا کہ احد چیمہ نے اچھے پروجیکٹ مکمل کیے اور وہ اچھی شہرت کے حامل افسر ہیں۔