پنجاب حکومت

قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

(ملت آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد کی سربراہی اور اسسٹنٹ کمشنر ( صدر ) لیاقت ملہورو کی زیر نگرانی قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف بھرپور انداز میں کریک ڈاؤن جاری ہے اس سلسلے میں اگلے مرحلے کے دوران آپریشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ریل بازار ‘گمٹی چوک ‘سرکلر روڈ اور کچہری بازار میں کارروائی کرتے ہوئے فٹ پاتھ خالی کرا لئے اور تجاوزات میں زیر استعمال سامان کو قبضہ میں لے لیا ۔ آپریشن میں ٹریکٹر بلیڈز اور دیگر مشینری استعمال کی گئی جس نے ناجائز تعمیر کئے گئے تھڑوں اور دیگر تعمیرات کو مسمار کر دیا ۔ ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے تجاوزات کے خلاف اپریشن کا بذات خود جائزہ لینے کے لئے کچہری بازار ‘ چوک گھنٹہ ‘ جھنگ بازار ‘ ریل بازار اور دیگر بازاروں کا دورہ کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر ( صدر ) لیاقت کلہورو بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تجاوزات کے خلاف اپریشن کے سلسلے میں دو روز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ گھنٹہ گھر کے آٹھوں بازاروں ‘ گول بازاروں اور ملحقہ ذیلی مارکیٹوں میں تجاوزات کا یکسر خاتمہ کیا جائے تاکہ ناجائز طورپر قبضہ کی گئی جگہوں کو خالی کروا کر نہ صرف شہریوں کے لئے آمد و رفت میں آسانیاں پیدا کی جا سکیں بلکہ شہر کی خوبصورتی کو داغدار کرنے والے ان تجاوزات کا پائیدار بنیادوں پر خاتمہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف اپریشن مستقبل بنیادوں پر جاری رہے گا جس میں کوئی مزاحمت بردارشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے اپریشن کی کامیابی کے لئے تاجروں و دکانداروں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ محب وطن اور قانون پسند شہری بہترین قومی مفاد کر فوقیت دیتے ہیں ۔ انہوں نے فوکل پرسن اسسٹنٹ کمشنر (صدر) سے کہا کہ تجاوزات کے خلاف اپریشن میں بلا امتیاز کارروائی ہونی چاہئے اور کسی سی کوئی رعایت نہ کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کہیں سٹاف کی ملی بھگت نظر آئے تو متعلقہ ملازمین کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے اینٹی کرپشن میں مقدمات درج کرائے جائیں ۔