لاہور۔15 اکتوبر(ملت + اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ہفتہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ لاہور اور ڈی سی او آفس لیہ میں اجلاس سے خطاب کیا۔ چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم نے محکمہ ایجوکیشن لیہ میں مالی سال 2014-15 میں فرنیچر اور آئی ٹی لیب کے سامان کی قواعد و ضوابط سے ہٹ کر خریداری کرنے کے حوالے سے انکوائری رپورٹ پیش کی۔ چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم نے انکوائری رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ راجن پور میں بھی مالی سال 2014-15 میں اسی فرم سے فرنیچر کی قواعد و ضوابط سے ہٹ کر خریداری کی گئی لیکن اس وقت کے ڈی سی او نے اس فرم کو بلیک لسٹ کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے خریداری کے عمل میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیتے ہوئے لیہ اور راجن پور کے سابق اور موجودہ ڈی سی اوز کو او ایس ڈی بنانے اور لیہ کے 2 سابق و موجودہ ای ڈی اوز ایجوکیشن اور ای ڈی او فنانس اینڈ پلاننگ کو معطل کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ قواعد و ضوابط سے ہٹ کر خریداری کرنے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے اور مالی سال 2014-15 اور مالی سال 2015-16 کے دوران صوبہ بھر میں محکمہ تعلیم کی جانب سے فرنیچر اور دیگر سامان کی خریداری کی سوفیصد فرانزک انویسٹی گیشن کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر اور دیگر سامان کی خریداری میں قواعد و ضوابط کو نظرانداز کرنا مجرمانہ غفلت ہے اور جن لوگوں نے خلاف ضابطہ خریداریاں کی ہیں، انہیں حساب دینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم کے خون پسینے کی کمائی کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے کو بھی اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھانی چاہیئے تھیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکولوں کیلئے فرنیچر اور دیگر سامان کی خریداری کیلئے آئندہ سے سنٹرلائزڈ نظام اپنایا جائے۔سنٹرلائزڈ نظام سے خریداری کے عمل کو مزید شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد، چیف سیکرٹری، چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم اور متعلقہ حکام نے سول سیکرٹریٹ سے جبکہ ڈی سی او لیہ اور متعلقہ افسران نے لیہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
پنجاب حکومت
قوم کے خون پسینے کی کمائی کو ضائع نہیں ہونے دونگا: شہبازشریف
