پنجاب حکومت

لاہور میں پہلی ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے اجلاس

لاہور میں پہلی ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے اجلاس

لاہور(اے پی پی )صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے۔ پنجاب میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے مختلف پراجیکٹس پرپیش رفت جاری ہے اور لاہور میں تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔اس یونیورسٹی کے قیام کا مقصد ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل سیکٹر کیلئے بہترین ہنر مندوں کی ٹیم تیار کرنا ہے۔ملک کی 60فیصد آبادی15سے 30سال کی عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک کی تقدیر کو بدلا جا سکتا ہے۔ اس طرح جہاں نوجوان نسل کی جدید ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن تک رسائی ممکن ہو گی وہیں بے روزگاری کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ اس یونیورسٹی کے طالبعلم دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔تیانجن پنجاب یونیورسٹی کے قیام کے ساتھ ساتھ سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ کے 1100سکولوں میں بھی فنی تعلیم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے۔یہ بات انہوں نے تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ایجوکیشن چائنہ کے اشتراک سے لاہور میں تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے قیام کے حوالے سے انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور سکولز ایجوکیشن سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر رانا مشہود کوتیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل یونیورسٹی کے مختلف قانونی اورتکنیکی امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔رانا مشہود نے تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کی فیکلٹی اور سبجیکٹ سپیشلسٹس کی جلد بھرتی کی ہدایت کی اور بتایا کہ اس یونیورسٹی میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے سات مختلف پروگرامز متعارف کروائے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ ٹاؤن شپ میں قائم ہونے والی تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن میں فنی تعلیم کے ساتھ ساتھ چائنیز اور انگلش لینگویج کے کورسز بھی متعارف کروائے جا رہے ہیں۔

Back to Conversion Tool