لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت منگل کو اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے اور لاہو رکیساتھ پنجاب کے6بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہاہے۔انہوں نے کہا کہ امن عامہ کو بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی ضرورت ہے اورعوام کاجان ومال کا تحفظ ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ سے شہروں کو محفوظ بنایا جائے گااور جرائم پیشہ افراد او ر دہشت گردوں کے قلع قمع کیلئے یہ منصوبہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے اوراربوں روپے کے اس اہم ترین منصوبے پر پیشہ وارانہ انداز میں کام کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لاہور میں پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ کی تکمیل کے دوران اعلی معیارکو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، کرنل (ر) محمد ایوب گادھی، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، قائمقام انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات، پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ کے اعلی حکام اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
پنجاب حکومت
لاہو رکیساتھ پنجاب کے6بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے ،شہباز شریف
