پنجاب حکومت

محکمہ سپورٹس و امور نوجوانان پنجاب

گراؤنڈز کی بحالی اور نئے گراؤنڈز کا قیام
* سپورٹس بورڈ پنجاب نے سب سے بڑی کامیابی یہ حاصل کی ہے کہ صوبہ بھر میں ہزاروں گراؤنڈزجو قبضہ مافیاکے تسلط میں تھے ان کو واگزارکرایااور پھر ان کو سپورٹس کی سہولیات کے ساتھ بحال کیا۔
* 4سالوں میں 2011ء سے لیکر اب تک 4312سپورٹس گراؤندز کو بحال اور نئے گراؤنڈ قائم کرکے سپورٹس کی دنیا میں انقلاب برپا کردیا۔
* حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں قائم کئے گئے 4312بڑے سپورٹس گراؤنڈز پر 18219کھیلوں کی سہولیات فراہم کرکے ریکارڈ قائم کیا ہے، پنجاب میں 3087گراؤنڈز میں اب کرکٹ کھیلی جا سکتی ہے۔
یوتھ فیسٹیولز کا کامیاب ترین انعقاد
* پنجاب حکومت کے تحت 4سالوں میں ہونیوالے یوتھ فیسٹیولز میں اب تک 84لاکھ افراد شرکت کرچکے ہیں،2011کے سپورٹس فیسٹیول میں 12لاکھ ،2012کے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں 32لاکھ جبکہ پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014میں 40لاکھ افراد شریک ہوئے جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔پنجاب یوتھ فیسٹیول میں ہر شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے حصہ لیا، پنجاب یوتھ فیسٹیول میں 300سے زائد کھیل کھیلے گئے، ان میں ہمارے وہ روایتی کھیل بھی شامل ہیں جو کہ جدید دور میں ختم ہورہے تھے، ان میں بیل دوڑ ، گدھا گاڑی ریس، روایتی کشتیاں اور دیگرکھیل شامل ہیں۔
* اس کے علاوہ جیلوں میں بھی قیدیوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور ان کو رہائی کے بعد معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے کھیلوں کے مقابلہ جات منعقد کرائے گئے جس میں قیدیوں نے بھرپور شرکت کی۔اولڈ ہوم اور دارلامان میں بھی سپورٹس کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں عمر رسیدہ افراد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
* پنجاب یوتھ فیسٹیول میں انجینئرنگ، آئی ٹی، فلم تھیٹر فیسٹیول، صنعت و زراعت کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔
فیسٹیولز میں صحت مند بے بی،خواتین کے کوکنگ، سلائی، کڑھائی اور ڈیزائننگ کے بھی مقابلے کرائے گئے جس میں خواتین اور لڑکیوں کی بہت بڑی تعداد نے حصہ لیا۔
گینز ورلڈ ریکارڈز
* پنجاب یوتھ فیسٹیولز 2011،2012اور 2014میں نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا دنیا بھر میں منوایا، سپورٹس بورڈ پنجاب نے نوجوانوں کو اس کیلئے بہترین اور عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کیں تاکہ وہ گینز ورلڈ ریکارڈ بنانے کیلئے بھرپور انداز میں تیاری کرسکیں۔
* پنجاب یوتھ فیسٹیولز میں نوجوانوں نے 31گینز ورلڈ ریکارز بنا کر دنیا کو حیرت میں ڈال دیا، گینز ورلڈ ریکارڈز بننے کی خبریں عالمی میڈیا پر بریکنگ نیوز کے طور پر چلائی گئیں۔
* ملکی تاریخ میں پہلی بار 2پاکستانی نوجوانوں محمد صدی اور محمد راشد نے اٹلی کے شہر میلان میں گینز ورلڈ ریکارڈ شو میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا، یہ پہلا موقع ہے کہ گینز ورلڈ ریکارڈ انتظامیہ نے کسی پاکستانی کو اپنے ورلڈ ریکارڈ شو میں مدعو کیا ہے۔
* محمد صدی نے 1740کلوگرام وزنی گاڑی اپنی مونچھوں سے کھینج کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا جبکہ محمد راشد نے ایک منٹ میں سر سے 61 بوتلوں کے ڈھکن کھول کر گینز ورلڈ ریکارڈ بنایا۔
انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیولز
* سپورٹس کے شعبہ میں نوجوانوں کے ویژن کو وسیع کرنے کیلئے انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیولز کا بھی اہتمام کیا گیا ، ہمارے کھلاڑیوں نے غیرملکی ٹیموں سے کھیل کر تجربہ حاصل کیا۔
* دو سالوں میں منعقد ہونیوالے انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول میں مجموعی طور پر 45بین الاقوامی ٹیموں نے شرکت کی، ان میں برطانیہ، امریکہ، بھارت، آسٹریلیا، قطر ، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔
انڈو پاک پنجاب گیمز
* پنجاب یوتھ فیسٹیول2011،2012اور2014 میں انڈو پاک پنجاب گیمز کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں کبڈی، ریسلنگ، آرم ریسلنگ،مڈ ریسلنگ، میٹ ریسلنگ، باڈی بلڈنگ ،رسہ کشی، ویٹ لفٹنگ کے مقابلے منعقد کئے گئے، ہمارے کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافیاں جیتیں، بھار تی ٹیموں سے مقابلے سے عالمی معیار کی گیمز میں کھلاڑیوں کو شرکت کا موقع بھی ملا۔
دیگر صوبے بھی سپورٹس بورڈ پنجاب کے نقش قدم پر
* حکومت پنجاب کے تحت ہونیوالے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد اور عوام کی طرف سے ملنے والی بھرپور پذیرائی سے متاثر ہوکر دیگر صوبوں نے بھی اس کی تقلید کی ،سندھ حکومت نے سندھ فیسٹیول ، بلوچستان حکومت نے بلوچستان سپورٹس اور اور خیبر پختونخوا نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد کیابلکہ سپورٹس فیسٹیول کا یہ سلسلہ چل نکلا ہے جس سے سپورٹس کا کلچرفروغ پارہاہے جس کا کریڈٹ سپورٹس بورڈ پنجاب کو جاتا ہے۔
دنیا کا سب سے بڑا فیسٹیول
* پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ئمیں40لاکھ افراد کی شرکت کی بدولت گینز ورلڈ ریکارڈ نے اسے دنیا کا سب سے بڑا فیسٹیول قرار دیا ہے جو کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی بہت بڑی کامیابی ہے، پنجاب یوتھ فیسٹیول کے مقابلے میں بھارت نے بھی اسی طرز کا بڑا فیسٹیول منعقد کرانے کی کوشش کی مگر وہ اس میں ناکام رہا، اس بات کا اعتراف بھارتی حکام نے کیا ہے۔
نیشنل ہارس اینڈکیٹل شو کاکامیاب انعقاد
* سپورٹس بورڈپنجاب نے چاروں صوبوں کی ثقافت ، کلچر اور تہذیبی سرگرمیوں کے انعقاد میں بھی اہم کردارادا کیا ہے دہشت گردی کے حالات کی وجہ سے پچھلے گیارہ سالوں میں ہارس اینڈ کیٹل شوکا انعقاد نہیں کیا جارہا تھا، تاہم سپورٹس بورڈپنجاب نے موثر پلاننگ اور مضبوط حکمت عملی سے ہارس اینڈ کیٹل شو کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا ۔
* سپورٹس بورڈپنجاب کی جانب سے تیار کیے گئے پیس شو جو آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے بنایا گیا ’’ بڑا دشمن بنا پھرتا ہے جو بچوں سے لڑتا ہے‘‘ ملک کے طول و عرض میں بے پناہ شہرت اور کامیابی حاصل کی۔
* اسی طرح نیشنل ہارس اینڈکیٹل شو میں سپورٹس بورڈپنجاب کی جانب سے تیار کیے گئے کلچرل شو کو بھی بھرپور مقبولیت حاصل ہوئی ، جس میں چارو ں صوبوں کے ثقافتی رنگ نظر آئے، پھر ملک کے تمام صوبوں کی سپورٹس ٹیموں کے دستوں نے مارچ پاس کیا ۔
پنجاب نیشنل سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد
* نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے موقع پر تمام صوبوں کے درمیان یکجہتی اتحاد اور یگانگت کے فروغ کیلئے سپورٹس بورڈپنجاب نے پنجاب نیشنل سپورٹس فیسٹیول کا کامیاب انعقاد کروایا جس میں پنجاب ، سندھ ، بلوچستان ، خیبرپختونخو اہ ، گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور فاٹاکی ٹیموں نے شرکت کی ، پنجا ب نیشنل سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد سپورٹس کے فروغ کی جانب سپورٹس بورڈپنجاب کا اہم اقدام ہے۔
کنٹرول روم
* سپورٹس کے ایونٹس کی سکیو رٹی کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے بہترین انتظامات کئے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کے دفتر میں نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کی سکیورٹی کیلئے ایک کنٹرول روم بنایا گیاہے، سپورٹس کمپلیکس کی سکیورٹی کیلئے ہمہ وقت عملہ تعینات رہتا ہے جن کے پاس وائرلیس سیٹ بھی موجود ہوتے ہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ایکشن لیا جا سکتا ہے۔
* پورے نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں 80 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہی گئے ہیں، اس کے علاوہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کی چار دیواری کرکے چیک پوسٹ بھی قائم کی گئی ہیں جہاں پر عملہ تعینات ہے، کمپلیکس کے داخلی راستوں پر گیٹس لگا کر کمپلیکس کو محفوظ ترین بنا دیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے سپورٹس بورڈپنجاب کے کردار کی تعریف
* سپورٹس بورڈ پنجاب کے تحت ہونے والے سپورٹس اور یوتھ کے پروگرامز کو اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون کی طرف سے سراہا گیا، ان کا پیغام ان کے خصوصی ایلچی احمد الہنداوی نے سپورٹس بورڈ پنجاب میں میڈیا کے سامنے پڑھ کر سنایا، پیغام میں کہا گیا ہے کہ سپورٹس اور یوتھ کی بہتری کو جس طرح فروغ سپورٹس بورڈ پنجاب دے رہا ہے اس طرح بہت کم ممالک میں ہو رہا ہے۔
ISOسرٹیفکیٹ حاصل کرنیوالا پنجاب حکومت کا پہلا ادارہ
* سپورٹس بورڈ پنجا ب کے پروگرامز کو ورلڈ سٹینڈرڈ آرگنائزیشن نے بھی معیاری اور شفاف قرار دیتے ہوئے سرٹیفیکیٹ دیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب حکومت پنجاب کا پہلا سرکاری ادارہ ہے جس نے ISOسے سرٹیفیکیٹ حاصل کیا ہے۔
* سپورٹس بورڈ پنجاب نے ثابت کیا ہے کہ اس کے مینجمنٹ سسٹم، اکاؤنٹنگ سسٹم، آڈٹ سسٹم، ٹرانسپرنسی سسٹم انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کا ہے، اس بنیاد پر انٹرنیشنل سٹینڈرڈ آرگنائزیشن ISOفرانس نے ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس پنجا ب کو سرٹیفائی کیا ہے۔
باکسنگ اکیڈمی کا قیام
* سپورٹس بورڈ پنجاب نے باکسنگ کے شعبہ میں بھی نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے اقدامات کئے ہیں اس سلسلہ میں اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ، ہمیں خوشی ہے پاکستان نژاد عالمی باکسر عامر خان کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے عامر خان سے ایم او یو بھی سائن کیا ہے جس کے تحت اکیڈمی قائم کرکے نوجوانوں کو تربیت دینا شروع کردی جائے گی، عامر خان کے نامزد کردہ کوچز اور وہ خود پاکستان آکر نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے جو کہ عالمی مقابلوں میں کامیابیاں سمیٹ کر پاکستان کا نام دنیا میں روشن کریں گے۔
ریڈیو شائن
* سپورٹس بورڈ پنجاب جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کررہا ہے، اس سلسلہ میں ویب ریڈیو کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جس کا باقاعدہ افتتاح سپورٹس بورڈپنجاب کی سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین ایم این اے حمزہ شہباز نے کیا ریڈیوشائن میں سپورٹس کے فروغ کیلئے پروگرام نشر کئے جاتے ہیں، ریڈیو سپورٹس کے حوالے سے نوجوانوں میں مقبولیت حاصل کررہا ہے۔
میڈیا سیل
* سپورٹس کو فروغ اور عوام کو آگہی کیلئے میڈیا سیل کا قیام عمل میں لایا گیااسی طرح الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو سپورٹس بورڈپنجاب کی کارکردگی سے بروقت آگاہ کیا جائے میڈیا سیل سے میڈیا کو بروقت نیوز اور اطلاعات کی فراہمی کا نظام وضع کیا گیا ہے۔میڈیا سیل کا سٹاف بہت مستعدی سے فرائض سرانجام دے رہا ہے، دنیا کے سب سے بڑے پنجاب یوتھ فیسٹیول کی انعقاد میں میڈیا سیل کا کردار انتہائی اہم رہا۔
آئندہ کے منصوبہ جات
پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول
* سپورٹس بورڈپنجاب آئندہ سال پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کرانے جارہا ہے جس میں دنیا کے پانچ براعظموں ایشیا، افریقہ ، یورپ ، امریکہ اور آسٹریلیا سے 42ممالک کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں اور 1796انٹرنیشنل کھلاڑی اس میگا ایونٹس میں شریک ہوں گے، جس میں 24مختلف گیمزبھی شامل ہیں اورخواتین کی پانچ گیمز کھیلی جائیں گی ، سپورٹس بورڈپنجاب دنیا میں پاکستان کا نام بلند کرنے کیلئے کام کرتا رہے گا۔