مخالفین کی پروا کیے بغیر آگے بڑھتے رہیں گے، پرویز ملک
لاہور(ملت آن لائن)وفاقی وزیر برائے تجارت وپاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سال کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کی ہے، مخالفین کی منفی سیاست کی پروا کئے بغیر ترقی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں، عوام دھرنے اور نعرے نہیں بلکہ اپنے مسائل کا عملی حل چاہتے ہیں اور عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کون دعوے اور کون انکی خدمت کر رہا ہے، نام نہاد تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے، اپنے صوبے میں ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہ کرنے والے ترقی کے عمل سے خائف ہیں، دھرنے والوں نے اپنے صوبے میں عوام کی کوئی خدمت نہیں کی، ملک و قوم کا قیمتی وقت دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے ضائع کرنے والوں نے صرف ذاتی مفادات کی سیاست کی ہے، باشعور عوام کو تبدیلی کے کھوکھلے دعووں سے نہیں بہلایا جاسکتا کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ دھرنوں اور خالی نعروں سے تبدیلی نہیں آتی، تبدیلی کے جعلی دعویداروں نے قوم کا وقت برباد کرنے کے سوا عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، عوامی خدمت کے جذبے سے عاری ان افراد کے پاس عوام کیلئے کچھ نہیں، قوم کا وقت برباد کرنے والوں کیلئے آئندہ انتخابات میں شکست نوشتہ دیوار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی چوہدری شہباز،سید توصیف شاہ،عامر خان، رمضان صدیق بھٹی،رانا جاوید اقبال،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ہم دھرنا دینے یا گالیاں دینے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کیلئے کوشاں ہیں،گالیاں دینے والوں کا انجام شروع ہوچکا بہت جلد مخالفین سیاسی میدان سے بھاگنے والے ہیں،ان کی سیاست بند گلی میں داخل ہو چکی،بہت جلد پاکستان دنیا میں اپنا مقام پیدا کر لیگا،مخالفین کا ساتھ چھوڑ کر لوگ ہمارے ساتھ آ رہے ہیں کیونکہ ہم نے سیاست کو خدمت اور عبادت سمجھا ہے جبکہ مخالفین نے اسے گالی بنادیا ہے۔