پنجاب حکومت

مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صوبائی کونسل کے اجلاس میں متفقہ طورپر منظور ہونے والی قراردادیں

لاہور(ملت + آئی این پی )پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے انٹر اپارٹی الیکشن کے موقع پر صوبائی کونسل کے اجلاس میں وزیرمملکت تعلیم بلیغ الرحمان نے چار اورمسلم لیگ(ن) پنجاب کے نومنتخب سیکرٹری اطلاعات سمیع اللہ چوہدری نے ایک قرارداد پیش کی جسے اجلاس میں موجود تمام کونسل ممبران نے اتفاق رائے سے منظورکیا۔وزیر مملکت بلیغ الرحمان کی جانب سے پیش کردہ پہلی قرارداد میں مسلم لیگ(ن) کے نومنتخب صدر محمد نوازشریف کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا گیاجبکہ پاکستان اورجمہوریت کے استحکام اورعوام کی فلاح وبہبود کے اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔معیشت کی بحالی،دہشت گردی میں کمی،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان کے انتخابات ،بلدیاتی انتخابات اورضمنی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی پر وزیراعظم اوران کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیاگیا۔اقوام متحدہ کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پروزیراعظم کی جانب سے جرأتمندانہ موقف اختیار کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیاگیا۔دوسری قراردادمیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو مسلم لیگ(ن) پنجاب کا صدر منتخب ہونے پنجاب اورپاکستان کیلئے گراں قدر خدمات اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر خراج تحسین پیش کیاگیا۔وزیراعظم کی ٹیم کے رکن کے طورپر سی پیک کے اجراء اور اس پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی شہباز شریف کے کردارکو سراہا گیا۔تیسری قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کی گئی اور بھارت سے افواج کشمیر سے نکالنے کا مطالبہ کیاگیا۔قرارداد میں حق رائے دہی کے حصول کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی ،سیاسی اورسفارتی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ قرارداد میں اقوام عالم سے اپیل کی گئی کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردارادا کرے۔قرارداد میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی بھی شدید مذمت کی گئی اورپاک فوج کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیاگیا۔چوتھی قرارداد میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب میں پاک افواج کے افسروں ،جوانوں،سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔ قرارداد میں کہا گیاکہ پاک فوج اورسکیورٹی اداروں کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا درخشاں باب ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے ۔مسلم لیگ(ن) پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سمیع اللہ چوہدری نے پانچویں قرارداد پیش کی جس میں مسلم لیگ(ن) پنجاب کے نومنتخب صدر محمد شہبازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کیاگیا۔