مسلم لیگ (ن) میں فارورڈ بلاک کی افواہ جھوٹی ہے، رانا ثنااللہ
لاہور(ملت آن لائن)پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پرویزالہیٰ، شیخ رشید اور اعتزاز احسن جیسے لوگوں نے بدزبانی میں ریکارڈ بنائے یہ اپنے حلقے میں بھی نہیں جیت سکتے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن صرف گالیوں کی سیاست کررہی ہے اور شیخ رشید، پرویز الہیٰ اور اعتزازاحسن نے تو بدزبانی میں ریکارڈ قائم کئے ہیں ان جیسے لوگ اپنے حلقے میں بھی نہیں جیت سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید دوسروں پر جھوٹے الزامات لگا کر اپنی دکانداری چمکا رہے ہیں چیف جسٹس پاکستان سے گزارش ہے کہ خودساختہ ترجمان کو بیان بازی سے روکا جائے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میں فارورڈ بلاک کی افواہ جھوٹی ہے تمام کارکنان اور رہنما نوازشریف کی قیادت میں متحد ہیں تاہم پارٹی میں لوٹوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم پاکستان واپس آکر عوامی رابطہ مہم چلائیں گے اور 2018 میں عوامی کی طاقت سے کامیاب ہوکر مسلم لیگ (ن) ہی حکمران جماعت بنے گی آج میڈیا آزاد ہے اور وہ لوگوں کو بے نقاب کررہا ہے آج کا سیاسی ورکر 1999 سے زیادہ باشعور ہے۔ رہنما پیپلزپارٹی شرجیل میمن کی گرفتاری کےحوالے سے وزیرقانون نے کہا کہ شرجیل میمن کی ضمانت خارج ہونے پر انہیں گرفتار کیا گیا۔