پنجاب حکومت

مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا، رکن قومی اسمبلی نے ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑ دی

مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا، رکن قومی اسمبلی نے ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑ دی

گوجرانولہ:(ملت آن لائن) مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی طارق محمد، سابق اراکین صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ مسلم لیگ ن کو پنجاب کے علاقے گوجرنوالہ سے بڑا دھچکا اُس وقت لگا جب حلقہ این اے 98 سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسبملی طارق محمد نے بڑی تعداد میں ساتھیوں سمیت اپنی پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کیا۔ مسلم لیگ ن کو خیرباد کہنے والوں میں 3 میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینز، وائس چیئرمینز اور دیگر بلدیاتی نمائندے شامل ہیں، رکن قومی اسمبلی طارق محمد نے پارٹی کو الوداع کہتے ہوئے وزیر دفاع خرم دستگیر کے خلاف الیکشن لڑنے کا بھی اعلان کیا۔
ختم نبوت کا معاملہ، مسلم لیگ ن کو ایک اور دھچکا، رکن اسمبلی مستعفی
ذرائع کا کہنا ہے کہ گوجرنوالہ سے منتخب ہونے والے سابق اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر غلام سرور اور میاں مظہر جاوید نے بھی مسلم لیگ ن کو الوداع کہہ دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں ختم نبوت ﷺ کے معاملے پر مسلم لیگ ن گوجرنوالہ کے عہدیدار مخدوم ارشد قمر نے ساتھیوں سمیت پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ ارشد قمر نے پارٹی کو خیر باد کہتے ہوئے مؤقف اختیار کیاتھا کہ ’میں پنجاب کی علماء کمیٹی کا اہم رکن تھا اور متعدد بار پارٹی قیادت کے سامنے ختم نبوت ﷺ کے معاملے پر آواز بلند کی مگر شنوائی نہیں ہوئی‘۔
مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا، پنجاب کے اہم رہنما نے ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑ دی
قبل ازیں ایک روز 23 دسمبر کو مسلم لیگ ن پی پی 62 سے منتخب ہونے والے رکن پنجاب اسمبلی رضا نصر اللہ گھمن نے ایم پی اے کی نشست سے استعفیٰ دیا تھا۔ مسلم لیگ ن کو ختم نبوت کے معاملے پر پہلا بڑا دھچکا فیصل آباد کے جلسے میں لگا تھا کیونکہ اس جلسے میں رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ، ڈاکٹر نثا جٹ جبکہ رکن پنجاب اسمبلی نظام الدین سیالوی، محمد خان بلوچ، مولانا رحمت اللہ سمیت کئی بلدیاتی امیدواران نے بھی مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا۔