مسٹر جسٹس یاور علی نے لاہور ہائیکورٹ کے 46 ویں چیف جسٹس کے طور پر عہدے کا حلف اٹھا لیا
لاہور(ملت آن لائن)لاہور ہائی کورٹ کے نئے نامزد چیف جسٹس مسٹر جسٹس یاور علی نے لاہور ہائیکورٹ کے 46ویں چیف جسٹس کے طور پر عہدے کا حلف اٹھا لیا۔جسٹس یاور علی آٹھ ماہ اور پندرہ دن چیف جسٹس کے منصب پر فائز رہیں گے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی ، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے چیف جسٹس سے انکے عہدے کا حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں لاہورہائیکورٹ کے ججز، وزیر اعلی محمد شہباز شریف ، چیف سکیرٹری پنجاب سمیت دیگر افسران نے شرکت کی، جسٹس یاور علی انیس فروری 2010 کو بطور ایڈیشنل جج لاہور ہائیکورٹ تعینات ہوئے اور ایک سال بعد انھیں عہدے پر کنفرم کیا گیا، جسٹس یاور علی 23 اکتوبر 1956 کو پیدا ہوئے، انھوں نے ابتدائی تعلیم لاہور میں حاصل کی اور 1972 میں ایچی سن کالج لاہور سے او لیول اور پھر 1974 میں وہیں سے اے لیول کیا. 1976 میں انھوں نے پنجاب یونیورسٹی سے گریجویشن کی اور 1979 میں یو کے سے ایل ایل بی آنرز کیا اور 1980 میں یو کے سے ہی بیرسٹر ایٹ لاء کی ڈگری حاصل کی، اعلی تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ وطن واپس آئے اور اسی سال ماتحت عدالتوں میں وکالت کی پریکٹس کا آغاز کیا، 1980 میں ہی ان کی لاہور ہائیکورٹ کے وکیل کے طور پر انرولمنٹ ہوئی اور 1986 میں سپریم کورٹ میں وکالت کا لائسنس حاصل کیا، پریکٹس کے آغاز میں وہ پنجاب یونیورسٹی لا کالج کے وزٹنگ لیکچرار بھی رہے، اس کے علاوہ جسٹس یاور علی نے واپڈا، پی آئی اے، پاکستان ریلوے، نیشنل بنک اور مسلم کمرشل بنک کے وکیل کے طور پر عوامی مفاد کے متعدد اہم مقدمات لڑے، اسی طرح جسٹس یاور وفاقی اور صوبائی حکومت کے لاء آفیسر بھی تعینات رہے، جسٹس یاور علی آٹھ ماہ اور پندرہ دن چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہنے کے بعد 62 سال کی عمر میں 22 اکتوبر 2018 کو ریٹائر ہو جائیں گے۔
پنجاب حکومت
مسٹر جسٹس یاورعلی نے لاہور ہائیکورٹ کے 46 ویں چیف جسٹس کے طور پر عہدے کا حلف اٹھا لیا
