لاہور۔9 اکتوبر(اے پی پی )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک میں ایسابے وقت اور بے مقصد احتجاج مناسب نہیں جس سے قومی ترقی متاثر ہو، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی رائے کے مطابق حل ہونا چاہئے لیکن بدقسمتی سے کشمیریوں کی آواز کو بھارت کی طرف سے دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے ،سی پیک منصوبہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمداور ملک میں امن و امن کے قیام کی بدولت ممکن ہوا،بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبے کے بارے میں قراردادیں موجود ہیں، حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ صوبوں کی تقسیم لسانی بنیادوں پر نہیں انتظامی بنیادوں پر ہونی چاہئے جس کیلئے مناسب وقت پر فیصلہ کیا جاسکتا ہے،وہ اے پی پی کوخصوصی انٹرویو دے رہے تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیز میں معیاری تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ نالج و ٹیکنالوجی بیسڈ ایجوکیشن پر توجہ دی جا رہی ہے ٗ کوشش ہے جو بھی طالب علم یونیورسٹی سے نکلے اس کے پاس ڈگری کے ساتھ ساتھ علم بھی ہو ٗ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف گجرات کے سب کیمپسز کے معاملات متعلقہ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق چلائے جائیں گے تاہم طلبہ کا مستقبل متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا ٗانہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے تعاون سے یونیورسٹیوں کے معاملات کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ٗ جنوبی پنجاب کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کا مشن ہے کہ جنوبی پنجاب کو بااختیار بنایا جائے جس کیلئے ایک اعلی سطحی کمیٹی کام کر رہی ہے اس حوالے سے سب کمیٹی نے بھی کچھ تجاویز دیں کہ کچھ سپیشل سیکرٹریز سطح کے دفاتر کو جنوبی پنجاب میں منتقل کر دیا جائے جس پر کام جاری ہے تاہم کوشش ہے کہ لوگوں کے مسائل ان کے دروازے پر حل ہوں، گورنر پنجاب نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں بھر پور ترقیاتی کام ہو رہے ہیں جن میں ملتان میں کڈنی و برن سنٹر کا قیام ٗ نشتر ہسپتال میں 600 بستر کا اضافہ ٗ کینسر وارڈ ٗ کارڈیالوجی کی توسیع ٗ چلڈرن کمپلیکس و دیگر اقدامات شامل ہیں، انہوں نے بتایا کہ بہاولپور میں بھی کچھ منصوبے زیر تعمیر اور کچھ پائپ لائن میں ہیں، جنوبی پنجاب کے تین اضلاع میں 100 سے زیادہ واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں ٗ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے سوال پر گورنر پنجاب نے بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان ایک بڑا قومی پلان ہے جس کے ذریعے دہشت گردی پر قابو پانے میں بڑی کامیابی ملی جس کا معیشت پر بھی مثبت اثر پڑا جس کی بدولت چائینہ کی طرف سے سی پیک کا معاہدہ ممکن ہوا جو ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ٗ پنجاب میں بھی نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے ٗ صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے جو بھی بہتر ہو گا وہ کیا جائے گا ٗ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمیں جمہوریت کے ہوتے ہوئے وہ کام نہیں کرنا چاہئے جو قومی ایجنڈا کو نقصان پہنچائے ٗ اسی طرح بے وقت کا احتجاج مناسب نہیں جس سے قومی ترقی متاثر ہو ٗ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جمہوریت میں اہم کردار ادا کرتی ہے ٗ اپوزیشن کے احتجاج پر عموماً کسی اعتراض کی گنجائش نہیں ہوتی ٗ موثر اپوزیشن کی تعمیری تنقید کا خیر مقدم کرنا چاہئے ،حکومت کو بھی چاہئیے کہ وہ اپوزیشن کی قابل عمل چیزوں پر ضرور عمل کرے ٗ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی رائے کے مطابق حل ہونا چاہئے ، افسوس ہے کہ کشمیر ایسا تنازعہ ہے جو حل طلب ہے لیکن بدقسمتی سے کشمیریوں کی آواز کو بھارت کی طرف سے دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن یہ آواز جتنی زور سے دبائی جا رہی ہے اتنی ہی یہ زور پکڑ رہی ہے
پنجاب حکومت
ملک میں بے وقت اور بے مقصد احتجاج مناسب نہیں۔ٗگورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ
