اسلام آباد(ملت + آئی این پی)سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میرے دور میں عشرت العباد اچھے گورنر اور مصطفی کمال اچھے ناظم ثابت ہوئے ،دونوں نے بہت اچھے کام کئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر پرویزمشرف کا کہنا تھا ایم کیو ایم کی قیادت سنبھالنے کی خبر درست نہیں ہے ایم کیو ایم اور اس کے رہنما اتنے بدنام ہو چکے ہیں کہ اس سے تعلق کا سوچا بھی نہیں جا سکتا، جبکہ میرے متعلق ایم کیو ایم کی بحالی بھی اب ممکن نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں جنرل پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ میرے دور میں مسئلہ کشمیر حل کے قریب پہنچ چکا تھا اور بھارت کشمیر سے فوج کے انخلا پر تیار ہوگیا تھا، جبکہ من موہن سنگھ سے سیاچن کے مسئلے پر بھی بات ہوگئی تھی۔انگریزی اخبار کی متنازعہ خبر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سازشوں کی ماہر ہے، اس خبر کو لیک کرنے والے کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے، تاہم صحافی کے خلاف کاروائی درست نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت لشکر طیبہ کو بدنام کر رہا ہے مجاہدین خود لڑنے کشمیر جاتے تھے حکومت یا فوج انہیں نہیں بھیجتی، یہ مجاہدین مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
پنجاب حکومت
میرے دور میں عشرت العباد اور مصطفی کمال دونوں نے اچھے کام کئے: سابق صدر
