لاہور(ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نئی نسل کو تحریک پاکستان کے دوران مسلمانوں کی عظیم جدوجہد سے روشنا س کرانا ہماری قومی ذمہ داری ہے اور گریٹر اقبال پارک کا منصوبہ اس جانب ایک اہم قدم ہے جو تحریک پاکستان اور نظریہ پاکستان کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وہ جمعرات کو ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں گریٹر اقبال پارک کے منصوبے کے مختلف امور پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز بیش بہا قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا جس کیلئے ہمارے آباؤاجداد نے بھرپور جدوجہد کی اور تحریک پاکستان کے دوران اس عظیم جدوجہد کیلئے قربانیاں دینے والے ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو تحریک پاکستان کے کارکنان اور قائدین کی جدوجہد کے حوالے سے روشناس کرانا ہماری قومی ذمہ داری ہے تاکہ نئی نسل کو ان قربانیوں کے بارے میں علم ہو جو اس وطن عزیز کے حصول کیلئے دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا گریٹر اقبال پارک کا منصوبہ نوجوان نسل کو تحریک پاکستان اور نظریہ پاکستان کی تاریخی اہمیت سے روشناس کرانے میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اپنی نوعیت کے منفرد اس منصوبے میں ہسٹری میوزیم اور تحریک پاکستان کے دوران قربانیاں دینے والے عظیم ہیروز کی گیلری بھی بنائی جا رہی ہے۔ گریٹر اقبال پارک کے پراجیکٹ سے جہاں تاریخی ورثہ کو نئی جدت ملے گی وہاں عوام کو بہترین تفریحی سہولتیں میسر آئیں گی اور اس منصوبے کا جلد افتتاح کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے منصوبے کے حوالے سے ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام سہولتوں کو آؤٹ سورس کیا جائے اور سکیورٹی کا بھی جامع نظام وضع کرکے اسے بھی آؤٹ سورس کیا جائے۔ گریٹر اقبال پارک میں قائم فوڈ کورٹس میں اعلیٰ معیار کے کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں بہترین آؤٹ لیٹس کی خدمات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے امور کو بہتر طریقے سے چلانے کیلئے ایک علیحدہ کمپنی قائم کی جائے اور اس ضمن میں فوری اقدامات کئے جائیں۔ کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے نے گریٹر اقبال پارک کے منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈی جی والڈ سٹی، کمشنر لاہور ڈویژن، ایم ڈی نیسپاک، ڈی جی پی ایچ اے، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے سول سیکرٹریٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
پنجاب حکومت
نئی نسل کو تحریک پاکستان کے دوران مسلمانو ں کی عظیم جدوجہد سے روشنا س کرانا قومی ذمہ داری ہے: وزیر اعلیٰ
