پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کی ملاقات

لاہور:(ملت) : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت آج یہاں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔مشیرقومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل سردار طارق امان، چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا، سیکرٹری داخلہ پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان ،سیکرٹری نیشنل سکیورٹی ڈویژن شعیب احمد صدیقی اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔چار گھنٹے طویل اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے سے دہشت گردی،عسکریت پسندی،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کے خاتمے کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی، عسکریت پسندی ،انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانیوالے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا گیا۔ اجلاس میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر پنجاب حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وطن عزیز میں امن کیلئے قیمتی جانوں کے نذرانے پر پیش کرنیوالے پاک افواج کے افسروں و جوانوں، پنجاب پولیس کے افسروں واہلکاروں اور دیگر اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی، عسکریت پسندی ،انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے مزید مربوط اور موثر اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو مالی معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن ہوگااور دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کو مالی معاونت کی فراہمی کی ہر قسم کے ذرائع بند کئے جائیں گے۔
(جاری ہے ۔۔)
(بقیہ ہینڈ آؤٹ نمبر36) (2)
اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے گا اور اشتعال انگیز تقاریر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا،اسی طرح ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور سوشل میڈیا پر انتہاپسندی ، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی ہوگی۔ اجلاس میں پنجاب کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بقا دہشت گردی کے خاتمے میں ہی مضمر ہے اور پوری قوم اس مقصد کے حصول کیلئے یکجا ہے۔نیشنل ایکشن پلان پاکستان میں امن کی ضمانت ہے۔سیاسی و عسکری قیادت کے متفقہ فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات کے باعث دہشت گردی اور فرقہ واریت کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دنیا بھی پاکستان کی عظیم قربانیوں کی معترف ہے اور پاکستان کی عظیم قربانیوں کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہادر پاک افواج نے تاریخ کے کامیاب ترین آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور پاکستان کا امن تباہ کرنے والے آج خود تباہ و برباد ہو چکے ہیں اور ہم اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کے ذریعے دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں اوردہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہے ہیں ۔انشاء اللہ آخری فتح پاکستان کی ہوگی اورپاک دھرتی کو دہشت گردی،انتہاء پسندی ،عسکریت پسندی اورفرقہ واریت کے ناسور سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر پوری تندہی سے عملدرآمد کیا گیا ہے اور اس ضمن میں متعدد اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جہاں سیف سٹی پراجیکٹ نے کام شروع کر دیا ہے اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ بھی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ممدو معاون ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مساجد، مدارس اور عبادت گاہوں کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردوں کے خاتمے کا فیصلہ کر رکھا ہے اور اس مقصد کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے کور کمانڈ لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پاکستان نے لازوال قربانیوں کے ذریعے جرأت اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے اور پوری قوم کو شہداء کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیوں کا ثمر انہی قربانیوں سے ممکن ہوا ہے اور آج پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ اور پرامن بن چکا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر کور کمانڈر لاہورلیفٹیننٹ جنرل صادق علی بھی موجود تھے ۔ملاقات میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کیے جانے والے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔