پنجاب حکومت

’’وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کی مثالی کارکردگی دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے ‘‘

لاہور (ملت آن لائن) سینٹ فنکشنل کمیٹی برائے ڈیولوشن (Devolution) کے وفدنے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اورتعلیم و صحت کے شعبوں میں انقلابی اقدامات پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہا ہے اوردیگر صوبوں کے لئے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو قابل تقلید قرار دیا ہے ۔ سینٹ فنکشنل کمیٹی برائے ڈیولوشن کے چیئرمین سینیٹر میر کبیر احمد شاہی اوروفد کے دیگر اراکین نے پنجاب میں ہونیوالے شاندار ترقیاتی کام پر شہبازشریف کی تعریف کی ۔ سینیٹرمیر کبیر احمد شاہی نے کہاکہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کے حوالے سے پنجاب حکومت نے دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہتر انداز میں کام کیا ہے اور18ویں ترمیم کے بعد وزیراعلی شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کیلئے نمایاں کام کیاہے۔سینیٹر کرنل (ر) سید طاہرحسین مشہدی نے کہا کہ پنجاب میں ہونیوالے شاندار کام کا کریڈ ٹ وزیراعلی شہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت کو جاتا ہے اور پنجاب میں جو غیر معمولی کام ہوئے ہیں اس کے پیچھے اصل قوت محرکہ شہبازشریف کی متحرک قیادت ہے ۔ تعلیم اور صحت کے میدان میں شہبازشریف نے بے مثال اور انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔سینیٹر تاج حیدر نے کہاکہ تعلیم کے میدان میں پنجاب حکومت کی پیشرفت سے بہت متاثر ہوں، جس طرح آپ نے داخلہ مہم کا آغاز کیاہے دیگر صوبوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے۔ ہیلتھ کیئر کمیشن کے قیام کے حوالے سے آپ نے بہترین قانون سازی کی ہے ۔ہم یہ ماڈل سندھ میں لانا چاہتے ہیں۔سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہاکہ پنجاب حکومت نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے حقیقی معنوں میں شاندار کام کیاہے اوروزیراعلی شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے تعلیم اور صحت کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے جو دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے۔سینیٹر سردار اعظم خان موسی خیل نے کہاکہ وزیراعلی شہبازشریف نے 18ویں ترمیم کے بعد اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے حوالے سے بڑے اچھے انداز میں پیشرفت کی ہے اورمیں ان کے غیر معمولی کاموں کی تحسین کرتا ہوں ۔